ریونت ریڈی حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام: کے ٹی آر

   

تلنگانہ میں مستقبل بی آر ایس کا رہے گا، پارٹی کارکن مایوس نہ ہوں
حیدرآباد۔/10مارچ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو کانگریس کو برسراقتدار لانے کا افسوس ہے اور انہیں اپنی غلطی کا پوری شدت کے ساتھ احساس ہورہا ہے۔ کاماریڈی اسمبلی حلقہ میں پارٹی کے توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت کے تین ماہ کی تکمیل کے باوجود ضمانتوں پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کاماریڈی کے عوام نے کانگریس کی ضمانتوں پر بھروسہ کیا لیکن آج وہ مایوس ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہر تاریکی کے بعد روشنی یقینی ہے اسی طرح آئندہ چند دنوں بعد بی آر ایس بھی تاریکی سے روشنی میں آجائے گی۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صبح اٹھتے ہی کے سی آر پر تنقید کرنا ان کا معمول بن چکا ہے۔ جس طرح انتخابات میں عوام کو جھوٹے وعدوں کے ذریعہ گمراہ کیا گیا اسی طرح کے سی آر اور بی آر ایس حکومت کے خلاف الزام تراشی کی جارہی ہے۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ الزام تراشی سے گریز کریں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کانگریس کی چھ ضمانتوں پر عمل آوری آخر کب ہوگی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ میڈی گڈہ بیاریج کے بعض کاموں کی آڑھ میں کالیشورم پراجکٹ کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل کسانوں کیلئے 500 روپئے فی کنٹل بونس کا اعلان کیا جائے۔ کسانوں کیلئے 2 لاکھ روپئے قرض معافی پر عمل آوری ہو۔ انہوں نے فصلوں کے نقصانات کا شکار کسانوں کو فی ایکر 10 ہزار روپئے امداد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے بی آر ایس ان کے ساتھ ہے۔ تلنگانہ میں مستقبل بی آر ایس کا رہے گا اور عوام کانگریس کو مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے بیانات چیف منسٹر کے مقام کیلئے زیب نہیں دیتے وہ چیف منسٹر کے بجائے ایک سیاسی لیڈر کی طرح بیانات دے رہے ہیں۔ 1