ریونت ریڈی حکومت کی ناکامی بے نقاب، ہر سال 4 ہزارشیر خوار بچوں کی اموات

   

تعلیم و صحت کی بدحالی کے خلاف تلنگانہ رکشنا سینا کی فیصلہ کن جدوجہد کا اعلان:کلواکنٹلہ کویتا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ رکشنا سینا کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا نے عادل آباد ریمس میں پیش آئے المناک واقعہ پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بے حسی اور لاپرواہی کے باعث معصوم بچوں کی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ ریاست میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کی صورتحال فوری اصلاح کی متقاضی ہے اور تلنگانہ رکشنا سینا ان دونوں شعبوں میں حکومت کے خلاف جدوجہد کا اعلان کرتی ہے۔ کویتا نے کہا کہ عادل آباد کے واقعہ کے بعد سرکاری اسپتالوں کی صورتحال سے متعلق حاصل ہونے والے اعداد و شمار نے انہیں شدید پریشان کیا۔ ان کے مطابق 21-2020 میں تقریباً 6 ہزار، 23-2022 میں 4,933 اور 25-2024 میں 3,853 شیر خوار بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔ حیدرآباد میں بھی گزشتہ سال 1,046 بچوں کی موت کی اطلاعات سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار ریاست کے سرکاری طبی نظام کی سنگین صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اپنی انتظامی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے مختلف معاملات کو سیاسی رخ دے رہی ہے اور SIT تحقیقات کے نام پر کارروائی کی بات کی جاتی ہے ، لیکن عملی نتیجہ سامنے نہیں آتا۔کویتا نے بتایاکہ خیرت آباد ضمنی انتخاب میں تلنگانہ رکشنا سینا یقینی طور پر مقابلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ SIR کے معاملے میں بھی شدید ابہام پایا جاتا ہے اور معمولی کلریکل غلطیوں کی بنیاد پر ووٹ حذف کرنا شہریوں کے آئینی حق کو متاثر کرسکتا ہے۔ کویتا نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کو نظرانداز کرنے کی قیمت حکومت کو چکانی پڑے گی اور تلنگانہ رکشنا سینا تعلیم، صحت اور عوامی حقوق کے معاملات پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔