ریونت ریڈی پر ہریش راؤ کی تنقیدیں مسترد : رام موہن ریڈی

   

بی آر ایس دور حکومت کی بے قاعدگیاں منظر عام پر
حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) پرگی کے کانگریس رکن اسمبلی رام موہن ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ کے بیانات کی مذمت کی۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رام موہن ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو چڈی گینگ سے تعبیر کرنے والے ہریش راؤ بی آر ایس دور حکومت میں کے سی آر کی زیر قیادت چڈی گینگ کا حصہ رہ چکے ہیں اور اس گینگ نے ریاست میں لوٹ مچا رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ نے کسانوں کی اراضی جبراً حاصل کرتے ہوئے فارم ہاوز تعمیر کیا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ریونت ریڈی کو نشانہ بنانے والے بی آر ایس قائدین کو ریاست میں گھومنے نہیں دیا جائے گا۔ کانگریس قائدین اور کارکن جگہ جگہ گھیراؤ کریں گے۔ رام موہن ریڈی نے بی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کانگریس کو شکست دینے کیلئے دونوں پارٹیاں متحد ہوچکی ہیں۔ تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی زیر قیادت اندراماں راج قائم ہوا ہے اور چار ماہ کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں۔ رام موہن ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت کی بے قاعدگیاں یکے بعد دیگرے برسر عام ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کی جانچ جاری ہے اور اس معاملہ میں کے سی آر اور ہریش راؤ کے نام منظر عام پر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد بی آر ایس کا صفایا ہوجائے گا۔1