ریونت ریڈی کانگریس کے ’نیشنل اِسٹار کمپینر‘

   

7 ریاستوں میں 50 جلسوں و 15 روڈ شوز سے خطاب ، تلنگانہ کیلئے خصوصی حکمت عملی
حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی سیاسی مقبولیت میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ۔ کانگریس ہائی کمان نے انہیں نیشنل اسٹار کمپینر نامزد کیا ہے، وہیں ملک کی سات ریاستوں کے کانگریس صدور نے ریونت ریڈی کو اپنی ریاستوں میں پارٹی کی انتخابی مہم کی دعوت دی ہے۔ ریونت ریڈی 11 مئی تک تلنگانہ کے بشمول مختلف ریاستوں میں 50 انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے اور 15 روڈ شوز میں حصہ لیں گے۔ فی الوقت ریونت ریڈی کیرلا میں ہیں جہاں وہ راہول گاندھی اور کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال کے علاوہ دوسرے امیدواروں کی طوفانی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں میں بیشتر امیدوار ، ریونت ریڈی کو اپنے حلقوں میں مہم چلانے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کئی امیدواروں کی پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر موجود رہنے کے علاوہ انتخابی جلسوں سے خطاب کا تیقن دیا ہے۔ چیف منسٹر 19 اور 21 اپریل کو محبوب نگر، محبوب آباد، بھونگیر، ورنگل میں امیدواروں کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر موجود رہیں گے ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد چیف منسٹر انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ ریاست کے 17 لوک سبھا حلقوں میں روڈ شوز کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ ریونت ریڈی ایک طرف ریاست میں راہول اور پرینکا کے انتخابی جلسے اور روڈ شوز کا روٹ میاپ تیار کررہے ہیں اور دوسری طرف اپنی انتخابی حکمت عملی کو بھی قطعیت دے رہے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ انتخابی مہم کے اختتام تک ہر لوک سبھا حلقہ میں 3 تا 4 روڈ شوز کا پروگرام ہے۔ اس طرح کم از کم 15 تا 20 روڈ شوز کے ذریعہ عوام تک رسائی کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آندھرا پردیش، کرناٹک، مہاراشٹرا، کیرلا و دیگر ریاستوں کے کانگریس صدور نے چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی کو انتخابی مہم کیلئے مدعو کیا ہے جن میں ٹاملناڈو، گجرات اور بہار بھی شامل ہیں۔ 2