ریونت ریڈی کی ڈنر ڈپلومیسی، بی آر ایس سے منحرف ارکان اسمبلی سے ملاقات

   

9 ارکان اسمبلی کی ڈنر میں شرکت، پارٹی اور حکومت میں مستحقہ مقام کا وعدہ
حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے بی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی کی پارٹی میں برقراری پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اُنھوں نے سابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کی قیامگاہ پر کل رات ڈنر پر بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔ ڈنر ملاقات میں کانگریس میں شامل ہونے والے 9 ارکان شریک ہوئے جبکہ گدوال کے رکن اسمبلی کرشنا موہن ریڈی غیر حاضر تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ارکان اسمبلی نے حکومت کی جانب سے مسائل کے حل کا تیقن اور پارٹی میں مستحقہ مقام کا یقین دلانے کیلئے اِس ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی اور بعض ریاستی وزراء نے ڈنر میں شرکت کی۔ پوچارم سرینواس ریڈی جو بانسواڑہ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں، حال ہی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اُنھیں ذمہ داری دی تھی کہ وہ حال ہی میں شامل ہونے والے ارکان کو اپنی قیامگاہ پر مدعو کریں۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپاداس منشی نے بھی ڈنر میں شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ دیپا داس منشی نے ارکان اسمبلی کو یقین دلایا کہ اُن کے ساتھ کانگریس اور حکومت میں انصاف کیا جائے گا۔ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والے ارکان میں اے گاندھی، پرکاش گوڑ، جی مہیپال ریڈی، کڈیم سری ہری، کے یادیا، ڈاکٹر سنجے، ٹی وینکٹ راؤ اور ڈی ناگیندر شامل ہیں۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی کو بھی بطور خاص مدعو کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بی آر ایس کی جانب سے یہ اطلاعات عام کی جارہی تھیں کہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے 4 ارکان گھر واپسی کریں گے۔ ان اطلاعات کو غلط ثابت کرنے کے لئے چیف منسٹر نے پوچارم سرینواس ریڈی کی قیامگاہ پر ارکان اسمبلی کے لئے ڈنر کا اہتمام کیا۔ 1