حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کل 15 اپریل کی شام نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ 3 دن نئی دہلی میں قیام کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں لوک سبھا حلقہ جات کی تعداد میں اضافہ اور خواتین تحفظات بل جیسے اُمور پر دیگر سیاسی پارٹیوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ کانگریس پارٹی کو اندیشہ ہے کہ نشستوں کی تعداد میں اضافہ سے جنوبی ریاستوں کی نشستوں میں کمی واقع ہوگی۔ بی جے پی شمالی ریاستوں کی نشستوں کی بنیاد پر اقتدار میں برقراری کا منصوبہ رکھتی ہے۔ جنوبی ریاستوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کے طور پر ریونت ریڈی نئی دہلی میں قیام کرتے ہوئے مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین اور ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ پارلیمنٹ کا 3 روزہ خصوصی سیشن 16 اپریل سے شروع ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی انڈیا الائنس میں شامل پارٹیوں سے ملاقات کرتے ہوئے ازسرنو حد بندی اور تعداد میں اضافہ سے جنوبی ہند کو نقصانات کی تفصیلات سے واقف کرائیں گے۔ وہ پارلیمنٹ کی نشستوں کے علاوہ خواتین تحفظات بل پر مشترکہ حکمت عملی کی تیاری کی مساعی کریں گے۔ چیف منسٹر نے 2026ء مردم شماری کے اعتبار سے لوک سبھا نشستوں کی ازسرنو حد بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ جنوبی ہند میں خاندانی منصوبہ بندی پر مؤثر عمل آوری کے نتیجہ میں آبادی کم ہے لہذا نشستوں میں اضافہ سے جنوب کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوگا۔i/k/1/V