ریونیو ڈپارٹمنٹ سے ناراض کسان پٹرول کیساتھ گھومنے پر مجبور: ہنمنت رائو

,

   

کسانوں کی اراضیات سرمایہ داروں کو منتقل کرنے کا الزام، چناجیرسوامی آر ٹی سی معاملہ میں کے سی آر کو ہدایت دیں
حیدرآباد۔ 20 نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے چناجیر سوامی سے اپیل کی کہ وہ آر ٹی سی ملازمین سے انصاف کرنے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر کو ہدایت دیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ چیف منسٹر اگرچہ کسی کی بات سننے کے لیے تیار نہیں ہیں لیکن وہ چناجیر سوامی کی ہدایت کو نظرانداز نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہر معاملہ میں کے سی آر چناجیر سوامی سے صلاح و مشورہ کرتے ہیں اور آشیرواد حاصل کرنے کے لیے ان کے آشرم کا دورہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 45 دن گزرنے کے باوجود آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال پر حکومت کا سرد مہری کا رویہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر کے رویہ میں تبدیلی نہیں آئے گی تو عوام بغاوت پر اتر آئیں گے۔ ہنمنت رائو نے ریونیو ڈپارٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کی شکایت کی اور کہا کہ عبداللہ پور مٹ میں خاتون تحصیلدار کے قتل کے بعد امید کی جارہی تھی کہ محکہ مال کی کارکردگی میں سدھار آئے گا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ ریونیو کے عہدیدار اور ملازمین اپنے رویہ پر قائم ہیں جبکہ حکومت نے انہیں سکیوریٹی فراہم کی ہے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ کسانوں کے پاس پاس بک اور پٹہ ہونے کے باوجود پہانی میں کسی اور کا ن ام شامل کیا جارہا ہے۔ انوہں نے محبوب نگر کے کوئلا کنٹلا منڈل کے موضع سورارم کے ایک کسان کا معاملہ میڈیا کے روبرو پیش کیا۔ کسان نے 16 ایک اراضی اپنی اہلیہ کے نام پر رکھی ہے اور پٹہ پاس بک میں خاتون کا نام ہے۔ قول دار کو پانچ سال کے لیے اراضی حوالے کی گئی تھی۔ پانچ سال کی تکمیل کے بعد جب کسان نے خود کاشت کرنے کا فیصلہ کیا تو قولدار نے ریونیو عہدیداروں سے ملی بھگت کے ذریعہ پہانی میں اپنا نام شامل کرلیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم آر او دفتر کے ایک حکام نے تین دن میں 75 ہزار روپئے کا انتظام کرنے کی شرط رکھی۔ غریب کسان جب اس رقم کی فراہمی میں ناکام رہے تو قولدار کے نام کو ریکارڈ میں شامل کردیا گیا۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ ریونیو حکام کے اسی رویہ کے باعث ناراض کسان اپنے ساتھ پٹرول لے کر ریونیو دفاتر پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے فلم گنگاجل کا حوالہ دیا جس میں پولیس پر ایسڈ سے حملہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ’’پٹرول جل‘‘ سسٹم چل رہا ہے اور کسان عہدیداروں سے ناراض ہوکر پٹرول لیے گھوم رہے ہیں۔ ریونیو میں پڑوسی ریاست کرناٹک کے سسٹم کو اختیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ کرناٹک میں اراضی کے تنازعات نہیں ہیں۔ تلنگانہ میں پٹیل پٹواری سسٹم کے وقت اس طرح کی بدعنوانیاں نہیں تھیں۔ انہوں نے کے سی آر سے کہا کہ وہ اب بھی سدھر جائیں۔ آر ٹی سی ملازمین کو سڑک پر لالیا گیا اور کرنوں کو سڑک پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد کانگریس قائدین گائوںگائوں پہنچ کر عوامی مسائل کی سماعت کریں گے اور حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔