ریڈ زون علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ

   

سکریٹری اروند کمار کی ہدایت، تلگو اور اردو زبانوں میں پمفلٹس کی تقسیم
حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کنٹینمنٹ علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کوتاہی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء کی سربراہی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا پازیٹیو کیسس منظر عام پر آنے کے بعد ان علاقوں کو کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کرتے ہوئے بریکیٹنگ کے ذریعہ حمل و نقل پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اروند کمار نے کمشنر جی ایچ ایم سی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ کنٹینمنٹ علاقوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمشنر لوکیش کمار کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر سنتوش، چیف سٹی پلانر دیویندر ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کنٹینمنٹ زونس میں سروے ٹیموں کو تعینات کرتے ہوئے صحت عامہ کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ مشتبہ مریضوں کی شناخت کی مہم چلائی جارہی ہے تاکہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ اشیائے ضروریہ سربراہ کرنا چاہئے۔ ہر زون کیلئے نوڈل ٹیم، سرویلنس ٹیم اور سرکل کی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان تمام ٹیموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینمنٹ زونس میں خدمات انجام دینے والے صفائی کرمچاریوں کے ساتھ میڈیکل ٹیموں کو متعین کیا جائے۔ ان علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے بارے میں تلگو، اردو اور انگلش زبانوں میں پمفلیٹس گھر گھر تقسیم کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ تینوں زبانوں میں آٹو کے ذریعہ اعلان کیا جارہا ہے۔