ر5ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے لیے 7 مارچ کو اعلامیہ متوقع

   


وزیراعظم نریندر مودی کا اشارہ ، ریاستوں میں ترقیاتی پروگرامس اور دورے جاری رکھنے کا ارادہ
حیدرآباد۔ ملک کی 5ریاستوں میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے 7 مارچ کو انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کا امکان ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہو ںنے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے 7مارچ کو ملک کی 5ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کیا جاسکتا ہے لیکن یہ اختیار الیکشن کمیشن آف انڈیا کا ہے کہ وہ کب انتخابی اعلامیہ جاری کرتا ہے ۔ نریندر مودی نے کہا کہ ہندستان کی 5اہم ریاستوں آسام‘ بنگال‘تمل ناڈو‘کیرالہ ‘پوڈی چیرو‘میں انتخابات کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے۔انہو ںنے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی تک وہ ان 5ریاستوں میں اپنے دورہ جاری رکھیں گے اور جہاں تک ممکن ہوسکے عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کے لئے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے گذشتہ ماہ 21جنوری کو مغربی بنگال میں مکمل کمیشن نے ریاست مغربی بنگال کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست میں ہونے والے انتخابات کے سلسلہ میں کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا تھا اور اس کے بعد الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جن ریاستوں میں انتخابات منعقد کئے جانے ہیں ان ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا گیا تھا۔2016میں ان ریاستوں کے انتخابات سے قبل بھی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس بات کے اشارے دیئے تھے کہ ان ریاستوں میں انتخابات کے لئے اعلامیہ کب جاری کیا جائے گا۔ انہو ںنے سال 2016کے دوران ہونے والے انتخابات سے قبل کہا تھا کہ ان ریاستوں میں انتخابات کے سلسلہ میں 4مارچ 2016 کو اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے اور ان کی جانب سے دئیے گئے اشارے کے مطابق ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا اور اس بار بھی وزیر اعظم نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ ملک کی 5اہم ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے لئے اعلامیہ7مارچ کو جاری کئے جانے کی توقع ہے لیکن الیکشن کمیشن آف انڈیا اس بات کا مجاز ہے کہ وہ کب شیڈول جاری کرے گا اور کن اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور اس اعلامیہ کی اجرائی کے بعد ہی انتخابی تواریخ واضح ہوں گی۔ نریندر مودی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی تک وہ 5ریاستوں میں رہیں گے۔