زخمی جڈیجہ ٹی20 سیریز سے باہر

   

کینبرا ۔آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹوئنٹی20 میچ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے ہندوستانی آل راونڈر رویندرا جڈیجہ سیریز کے دیگر2 میچوں میں نہیں کھیل پائیں گے۔ پہلے میچ کے آخری اوور میں آسٹریلیائی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے باونسر جڈیجہ کے سر میں لگا تھا جس کے باعث اب وہ سیریز کے دیگر میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔بی سی سی آئی کی میڈیا ریلیز کے مطابق جڈیجہ کو نگرانی میں رکھا جائے گا جبکہ ضرورت محسوس ہونے پر ان کے مزید اسکین کئے جائیں گے۔ابتدائی طور پر جڈیجہ کی چوٹ سے متعلق تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اب وہ سیریز کے باقی میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 11 رنز سے شکست دی ہے ۔ میچ میں جڈیجہ نے 44 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔