انقرہ : ریسکیو ٹیمیں ترکیہ کے شہر اسکندرون کے ایک سرکاری ہاسپٹل کے ملبہ کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کا کچھ حصہ پیر کو آئے تباہ کن زلزلے سے زمیں بوس ہوگیا تھا جس میں تقریباً 4,000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔اندھیرا ہوتے ہی ایک زخمی کو ملبے سے نکال کراسٹریچر پر لے جایا گیا۔ امدادی کارکن ملبے کے اس بڑے ڈھیرسے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو نکالنے کیلئے گئے تو پتہ چلا کہ اسکندرون ہاسپٹل کا انتہائی نگہداشت کا سیکشن تباہ ہوچکا ہے۔ امدادی کارکن اس مقام پر بارش اور سرد موسم کے باوجود جہاں روشنی کیلئے جنریٹراستعمال کیے گئے تھے، مزید زندہ بچ جانے کی امید کر رہے تھے۔لواحقین اپنے عزیزوں کا حال جاننے کیلئے جمع تھے۔ 30سالہ ایک خاتون ٹولن نے کہا کہ ہمارے پاس ایک مریض ہے جسے آپریٹنگ روم میں لے جایا گیا تھا لیکن ہم نہیں جانتے کہ وہ بچ سکے گا یا نہیں۔ خاتون مسلسل روئے جا رہی تھی اور اس کے لبوں پر دعائیں اور التجائیں تھیں۔ اس کا کہنا تھا کہ آج میری خالہ سمیت تین رشتہ دار کھو گئے۔ میرے چچا ملبے تلے دبے ہیں۔ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ خیریت سے ہوں۔ ڈر ہے کہ ہم انہیں بھی کھو نہ دیں۔