زمبابوے کی بنگلہ دیش کے خلاف99رنز کی شاندار کامیابی

   

ابوظہبی، 18اکتوبر (یو این آئی) کریگ اروین (93) اور برینڈن ٹیلر (81)کی شاندار اننگزکے بعد بریڈ ایونز(4 وکٹ) کی قیادت میں بولروں کی بہترین کارکردگی کی بدولت زمبابوے نے سہ فریقی ونڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں بنگلہ دیش کو 99 رنز سے شکست دے دی۔ تجربہ کار کھلاڑیوں کریگ اروین(93) اور برینڈن ٹیلر(81) نے150 رنوں کی شراکت داری کرکے زمبابوے کو مشکل صورت حال سے باہر نکالا اور ٹیم کو271/8 کے قابلِ احترام اسکور تک پہنچایا۔ اس کے بعد زمبابوے کے بولروں نے بنگلہ دیش کو34 اووروں کے اندر ہی سمیٹ دیا۔ابوظہبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلی جا رہی ایک سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن اسے شروع میں ہی بڑا دھکا لگا۔ تسکین احمد نے شانداربولنگ کرتے ہوئے 7 اووروں کے اندر برائن بینیٹ، بین کیرن اور تفادزوا تسیگا کو آؤٹ کرکے زمبابوے کا اسکور 24/3 کر دیا۔ اس کے بعد ٹیلر اور اروین نے چوتھی وکٹ کے لیے بڑی شراکت داری کرکے ٹیم کو بحران سے نکالا۔ ٹیلر نے101 گیندوں میں81 رنز بنائے ، جبکہ اروین نے 106گیندوں میں93 رنز کی اننگزکھیل کر ٹیم کو سنبھالا۔ سیف حسن نے ٹیلرکو آؤٹ کرکے اس اہم شراکت داری کو توڑا اور جلد ہی سکندر رضا کو بھی آؤٹ کردیا۔ نچلے درجے کے بلے باز نیومین نیامہوری 17 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 21 اور ویلنگٹن مساکادزا15 گیندوں میں ناٹ آؤٹ21 کی مفید اننگزکی بدولت زمبابوے نے اپنے50اووروں میں271/8 کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد سب سے کامیاب رہے ۔ انہوں نے 10اووروں میں 44 رنز دے کر3 وکٹ حاصل کئے ، جبکہ سیف حسن اور شوریف الاسلام کوفی کس2 وکٹ ملے ۔جواب میں بنگلہ دیش کو تنزید حسن تمیم نے جارحانہ شروعات دلائی۔ انہوں نے38 گیندوں میں46 رنز بنائے ، جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ بلیسنگ مزاربانی نے سومیا سرکار9 رنزکو آؤٹ کیا اور 10ویں اوور میں نیومین نیامہوری نے تنزیدکا وکٹ حاصل کرلیا، جس کے بعد بنگلہ دیش کی اننگز لڑکھڑا گئی۔ بریڈ ایونز نے بنگلہ دیش کے درمیانی اور نچلے درجے کے بیٹرسکو تہس نہس کرتے ہوئے45 رنز دے کر4 وکٹ حاصل کئے ، جبکہ اسپنرس کی جوڑی مساکادزا اور رضا نے رنوں کی رفتار پر لگام لگائی اور آپس میں3 وکٹ بانٹے ۔ درمیانی اووروں میں مسلسل وکٹ گرنے کے باعث بنگلہ دیش واپسی کے لیے کوئی رفتار نہیں بنا سکا۔ اس کے بعد نویں وکٹ کے لیے رشاد حسین اور تسکین کے درمیان32 رنزکی سب سے بڑی شراکت داری ہوئی، لیکن بنگلہ دیش کے لیے یہ کوشش بہت دیر سے ہوئی۔ آخرکار اس کی پوری ٹیم 33.4 اووروں میں172 رنوں پر سمٹ گئی اور زمبابوے نے ایک شاندار کامیابی حاصل کی۔