زمبابوے کے کپتان سکندر رضا پر دو میچوں کی پابندی

   

دبئی: آئرلینڈ کے خلاف میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کا قصوروار پائے جانے کے بعد زمبابوے کے کپتان سکندررضا پر دو میچوں کی پابندی لگا دی گئی ہے ۔ زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان جمعرات کو ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں رضا کے علاوہ آئرش کھلاڑی کرٹس کیمپفر اور جوش لٹل بھی آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ، اس لئے ان دونوں پر بھی دو میچ کھیلنے پر پابندی لگادی گئی ہے ۔ زمبابوے کے کپتان رضا پر ان کی میچ فیس کا 50فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے ہیں، یعنی ان کی تازہ خلاف ورزی کے بعد 24ماہ کے عرصے میں ان کے جمع شدہ ڈی میرٹ پوائنٹس چار تک پہنچنے پر انہیں موجودہ تین میچوں کی سیریز کے بقیہ دومیچوں کیلئے معطل کردیاگیا ہے ۔ آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ ان تینوں کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے ، جس کا تعلق ’’کھیل کے جذبہ کے خلاف طرزعمل‘‘سے ہے ۔ کپتان رضا کے آل راؤنڈ کھیل کی بدولت زمبابوے نے میچ ایک وکٹ سے جیت لیا تھا۔