زیویریو پیرس ماسٹرز کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے جرمن کھلاڑی

,

   

پیرس : الیگزینڈر زیویریو نے سیمی فائنل میں 20 مرتبہ گرینڈ سلیم فاتح رافیل نڈال کو 6-4، 7-5 سے شکست دے کر رولیکس پیرس ماسٹرز کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے ۔ وہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے جرمن کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی نڈال کا 13 سال بعد فائنل میں پہنچنے کا سفر ختم ہوگیا۔ وہ 2007 میں فائنل میں پہنچے تھے ۔ نڈال ایک بار بھی ماسٹرس پیرس نہیں جیت پائے ہیں۔زیویریو ساتویں بار اے ٹی پی ماسٹرز کے فائنل میں پہنچے ہیں۔ ان میں سے وہ 3 بار جیتنے میں کامیاب رہے ہیں ۔ اس سیزن میں زیویریو یو ایس اوپن کے آغاز کے بعد کھیلے گئے 23 میچوں میں سے 21 میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں ۔ زیویریو یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچے تھے جو ان کا پہلا گرینڈ سلیم تھا۔میچ کے بعد زیویریو نے کہا کہ میں دوسرے سیٹ میں 4-5 سے پیچھے ہوگیا تھا۔ لیکن اس کے بعد میں نے واپسی کی ۔ میں فائنل میں پہنچ کر خوش ہوں۔ زیویریو کا مقابلہ فائنل میں ڈینیئل میدویدیف سے ہوگا۔ میدویدیف نے میلوس راونک کو 6-4، 7-6 (4) سے شکست دے کر رواں سال پہلی بار فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے ۔ نڈال نے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے پابلو کیرینو بسٹا کو 4-6، 7-5، 6-1 سے شکست دی تھی جبکہ زیویریو نے کوارٹر فائنل میں تین بار کے گرینڈ سلیم فاتح اسٹین واورنکا کو 6-3، 7-6 سے شکست دی تھی ۔وہیں ڈینئل میدویدیف نے کوارٹر فائنل میں ڈی شوارٹزمین کو 6-3 ، 6-1 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ جبکہ کینیڈا کے میلوس راونک نے کوارٹر فائنل میں فرانس کے یوگو ہمبرٹ کو 6-3 ، 3-6،7-6 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ راونک 2014 کے رنر اپ ہیں ۔