ساؤنڈ پولیوشن اور ٹریفک مسئلہ پر قابو پانے پب انتظامیہ پر پابندی: اسٹیفن رویندرا

   


حیدرآباد ۔ 24 ستمبر (سیاست نیوز) ساونڈ پولیوشن اور ٹریفک مسئلہ پر قابو پانے کیلئے پب انتظامیہ کو پابند کردیا گیا۔ پب کے خلاف عوامی شکایتوں کے ازالہ کرنے اور قوانین پر سخت عمل آوری کیلئے سائبرآباد پولیس کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ہائیکورٹ کے تازہ احکامات کے بعد پولیس کی جانب سے سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔ آج اس سلسلہ میں سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر اسٹیفن رویندرا نے پب انتظامیہ و مالکین کا خصوصی اجلاس طلب کیا اور انہیں ہائیکورٹ کے احکامات سے واقف کرواتے ہوئے خصوصی ہدایت جاری کی۔ شرائط پر عمل آوری کرتے ہوئے قاعدہ کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت دی بصورت دیگر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ کمشنر پولیس نے پب مالکین کو ہدایت دی کہ وہ پب میں کم عمر افراد کو داخلہ کی اجازت نہ دیں۔ عملہ اور گراہکوں کی جانچ اور ان پر نظر رکھنے کیلئے اپنے اداروں میں خصوصی عملہ کو مقرر کریں۔ ساونڈ پولیشن پر قابو پانے کیلئے پبوں کو ساونڈ پروف تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور وائلیٹ پارکنگ کا عملہ مقرر کرنے اور زائد بیاک اپ والے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر زور دیا۔ اس اجلاس میں سائبرآباد پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ع