سائبر سیکیورٹی سے ایک لاکھ ریال کمانے والے نواف کا نوجوانوں کیلئے پیغام

   

ریاض ۔ سعودی نوجوان نے ویب سائٹ پروگرامنگ میں خامیوں کا پتہ لگانے کا ہنر سیکھ کر ایک لاکھ ریال کما لیے۔ حفر الباطن کے سعودی نوجوان نے ویب سائٹ پروگرامنگ میں خامیوں کا پتہ لگانے کا ہنر سیکھ کر سائبر سکیورٹی سے ایک لاکھ ریال کے انعامات حاصل کر لئے۔سعودی میڈیا کے مطابق سعودی نوجوان شدید نواف المطیری نے 2012 میں سائبر سکیورٹی میں اس وقت دلچسپی لینی شروع کی جب اس کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی۔ المطیری نے ویب سائٹ پلیٹ فارم پر اپنا اندراج کراکر ویب سائٹ پروگرامنگ میں 50 خامیوں کی نشاندہی کی۔ المطیری نے مشہور بین الاقوامی کمپنی جنرل الیکٹرک کی ویب سائٹ پروگرامنگ میں بھی خامی دریافت کی تھی جس پر اسے 2020 میں بھاری مالی انعام ملا۔ المطیری نے کہا ہے کہ آپ جب بھی کوئی کام کریں دل لگا کر کریں۔ کوشش یہ ہو کہ آپ کا کام ہر ایک کو نظر آئے۔المطیری نے اپنے ہم وطنوں کو مشورہ دیا کہ وہ سائبرسکیورٹی کا ہنر سیکھیں۔ یہ مستقبل کا ہنر ہے جس سے دنیا بھر کے انسانوں کے سامنے کامیابی کے نت نئے درروشن ہوں گے۔ سعودی نوجوانوں کو اس تبدیلی کا حصہ بننا چاہئے۔ المطیری نے کہا کہ اسے بچپن میں ویڈیوگیم بے حد پسند تھے۔ ہیکنگ کا کوئی نہ کوئی واقعہ ہو جاتا یہیں سے میرے ذہن میں ہیکنگ کے اسباب دریافت کرنیکا شوق پیدا ہوا۔ آغاز خامیوں کی دریافت سے کیا۔المطیری نے کہا کہ میں سعودی نوجوانوں سے یہ کہنا چاہوں گا کہ زندگی طویل نہیں ہوتی لہذا اپنا وقت فضول سرگرمیوں میں ضائع نہ کریں۔ میں اب تک اپنے اس ہنر سے ایک لاکھ ریال کما چکا ہوں۔