سائنا دستبردار،سری کانت پر تمام تر توجہ مرکوز

   

گوانگجو (کوریا) ۔19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) فارم میں واپسی کرنے والے کڈامبی سری کانت کوالیفائر کے ساتھ شروع ہو رہے کوریا ماسٹرز عالمی ٹور سوپر 300 ٹورنمنٹ میں اچھی کارکردگی کے ارادے سے اتریں گے جبکہ سائنا نہوال اس مقابلے سے دستبراد ہوگئی ہیں۔اس سال انڈیا اوپن کے فائنل میں جگہ بنانے کے بعد سے سری کانت کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی لیکن گزشتہ ہفتے ہانگ کانگ اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے بعد دنیا کے سابق نمبر ایک کھلاڑی کا حوصلہ بڑھا ہوگا۔سری کانت مردوں کے سنگلز میں اپنی مہم کی شروعات ہانگ کانگ کے وونگ ونگ ونسنٹ کے خلاف کریں گے۔دنیا کے 13 ویں نمبر کے کھلاڑی سری کانت نے ونسنٹ کے خلاف 10 میچوں میں جیت درج کی ہے جبکہ تین میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ونسنٹ اگست میں اپنے والد کے انتقال کے بعد واپسی کر رہے ہیں۔خراب فارم سے دوچار دنیا کی نویں نمبر کی کھلاڑی سائنا نہوال نے ٹورنمنٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے لیکن ان کے اگلے ہفتے لکھنؤ میں سید مودی بین الاقوامی عالمی ٹور سوپر 300 ٹورنمنٹ میں کھیلنے کا امکان ہے۔ سائنا کی دستبرداری کے بعد خواتین کے سنگلز میں ہندوستان کی کوئی نمائندگی نہیں کریں گے۔مردوں کے سنگلز میں دنیا کے 16 ویں نمبر کے کھلاڑی سمیر ورما کو پہلے راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ چین کے شی یوکی سے مقابلہ کرنا ہے جبکہ ان کے بڑے بھائی سورو ورما کو کوالیفائر کا سامنا ہے۔