ممبئی : مہاراشٹر کے احمد نگر ضلع میں واقع سائی بابا انسٹی ٹیوٹ کو پائپ بم سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد شرڈی پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ یہ دھمکی جمعہ کی صبح سائی سنستھان کے آفیشل ای میل پر بھیجی گئی، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔سائی بابا انسٹی ٹیوٹ کے سیکورٹی گارڈ روہی داس مالی نے پولیس میں شکایت درج کرائی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ پولیس افسران نے بتایا کہ مشتبہ شخص کی شناخت کے لیے ای میل کی تکنیکی جانچ کی جا رہی ہے ، اور اس دھمکی کی سنجیدگی کے پیش نظر اعلیٰ پولیس حکام نے فوری طور پر موقع کا جائزہ لیا۔ایس پی راکیش اولا کی رہنمائی میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کالوبھرم نے شرڈی پہنچ کر مندر کے احاطے اور اطراف میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
پولیس نے بتایا کہ نہ صرف شرڈی میں بلکہ دیگر ریاستوں میں واقع سائی بابا مندروں میں بھی سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے ۔
پولیس اس معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی دھمکی بھیجنے والے شخص کا سراغ لگا لیا جائے گا۔