سابق امریکی صدر جمی کارٹر کا 100 سال کی عمر میں انتقال

,

   

جارجیا:سابق امریکی صدر جمی کارٹر کا اتوار دیر رات جارجیا میں واقع اپنے گھر میں 100 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ۔ یکم اکتوبر 1924 کو پیدا ہوئے کارٹر 1977 سے 1981 تک امریکہ کے 39ویں صدر رہے۔ وہ امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ عمر تک زندہ رہنے والے صدر تھے۔کارٹر کچھ عرصہ سے میلانوما بیماری میں مبتلا تھے۔ یہ ایک قسم کا جلد کا کینسر ہوتا ہے جو ان کے جگر اور دماغ تک پھیل چکا تھا۔2023 میں انہوں نے ہاسپیس کیئر لینے کا فیصلہ کیا۔ ہاسپیس کیئر میں ہاسپٹل میں علاج کروانے سے انکار کیا جاتا ہے۔ صدر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد کئی سالوں تک انہوں نے اپنی تنظیم ’کارٹر سنٹر ‘کے ذریعہ انسانیت کیلئے خدمات انجام دیں۔ اس کیلئے انہیں 2002 میں نوبل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔جمی کارٹر نے یکم اکٹوبر 2024 کو جارجیا میں خاندان اور دوستوں کی موجودگی میں اپنی 100ویں سالگرہ منائی تھی۔کارٹر کے بیٹے نے ایک بیان میں کہا کہ میرے والد ان سب کیلئے ہیرو تھے، جو محبت پر یقین رکھتے ہیں۔ چپ کارٹر نے رائٹرز کو بتایا کہ نہ صرف میرے لیے بلکہ ان تمام لوگوں کیلئے وہ ہیرو تھے، جو امن، انسانی حقوق اور بے لوث محبت پر یقین رکھتے ہیں۔ جس طرح سے وہ لوگوں کو ایک ساتھ لاتے تھے، اس کی وجہ سے آج یہ پوری دنیا ہمارا خاندان ہے۔جمی کارٹر 19 نومبر 2023 کو اپنی بیوی روزلین کارٹر کی آخری رسومات میں شریک ہوئے تھے۔