حیدرآباد۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) جوبلی ہلز کے ایک مقدمہ میں مطلوب سابقہ رکن اسمبلی بودھن عامر شکیل کے فرزند راحیل نے خودسپردگی اختیار کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ عدالت کے احکامات کے مطابق راحیل نے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کردیا۔ راحیل پر مارچ 2022 میں کار کے ذریعہ دہشت پھیلانے اور کار کی ٹکر سے مبینہ طور پر ایک کمسن کو ہلاک کرنے کے سنگین الزامات میں ہیں۔ اس حادثہ میں دیگر تین افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔ پولیس جوبلی ہلز نے اس کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں غیر معمولی چوکسی اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار ٹیموں کو تشکیل دیا تھا اور 100 سے زائد کیمروں کی جانچ کی گئی تھی۔ اس وقت کار میں 3 افراد محمد معاذ، عفران اور راحیل کی موجودگی کا پولیس نے دعوی کیا تھا ۔ پولیس تحقیقات میں کار چلانے والا کوئی اور نہیں بلکہ راحیل ہی ثابت ہوا جبکہ عفران نے اپنے بیان میں یہ تسلیم کیا تھا کہ حادثہ کے وقت کار عفران خود چلا رہا تھا۔ ان حالات کے بعد راحیل دبئی فرار ہوگیا تھا۔ ان دنوں ہائی کورٹ نے راحل کو خودسپردگی اختیار کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد راحیل نے اب عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے خودسپردگی اختیار کرلی۔ ع؍F