سابق بی آر ایس دور حکومت میں آبپاشی پراجکٹس کے نام پر بے قاعدگیاں

   

کانگریس نے کسانوں سے وعدوں کی تکمیل کی، نظام آباد میں رعیتو مہا اتسوم، اتم کمار ریڈی، مہیش کمار گوڑ، ناگیشور راؤ اور دیگر قائدین کا خطاب
حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے تیقن دیا کہ کسانوں کو دھان کی پیداوار پر بونس کی رقم جلد ہی جاری کردی جائے گی۔ نظام آباد میں رعیتو مہا اتسوم پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ اگر سابق بی آر ایس حکومت پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کی تعمیر پر توجہ مرکوز کرتی تو متحدہ نظام آباد ضلع میں آبپاشی سہولتوں کے لئے پانی سیراب کیا جاسکتا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ 10 سالہ بی آر ایس دور حکومت میں آبپاشی شعبہ پر ایک لاکھ کروڑ سے زائد خرچ کئے گئے لیکن ایک ایکر اراضی کو آبپاشی سہولتوں کے لئے اضافی طور پر سیراب نہیں کیا جاسکا۔ اُنھوں نے کہاکہ نظام ساگر، سری رام ساگر اور دیگر پراجکٹ کانگریس دور حکومت میں تعمیر کئے گئے۔ وزیر آبپاشی نے کہاکہ ضلع کے لئے مزید چیک ڈیمس کی منظوری دی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ایک لاکھ کروڑ قرض حاصل کرتے ہوئے بی آر ایس حکومت نے کالیشورم پراجکٹ تعمیر کیا لیکن صرف 3 ماہ میں پراجکٹ کی بنیادیں ہلنے لگیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پراجکٹ کے تحت تعمیر کئے گئے بیاریجس میں کئی نقائص منظر عام پر آئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کسانوں کی پیداوار پر امدادی قیمت کی ادائیگی کو یقینی بنائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیاکہ اُس نے ہلدی کے کاشتکاروں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ نظام آباد کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے ہلدی کے کاشتکاروں سے ہلدی بورڈ کے قیام کا وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہیں ہوا۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے مہا اتسوم سے خطاب کرتے ہوئے کسانوں کو بھروسہ دلایا کہ حکومت اُن کے مسائل کو حل کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ 2 لاکھ روپئے تک کسانوں کا قرض معاف کرنے والی واحد ریاست تلنگانہ ہے۔ جن کسانوں کے قرض ابھی تک معاف نہیں کئے گئے اُن کیلئے حکام کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت نے کسانوں کے لئے نئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ کانگریس حکومت نے کسانوں سے کئے گئے تمام اہم وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں آبپاشی پراجکٹس کے نام پر بے قاعدگیاں کی گئیں۔ رعیتو مہا اتسوم میں سابق اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی، ارکان اسمبلی دھن پال سوریہ نارائنا، سدرشن ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔1