سابق صدر جمہوریہ پرتیبھا پاٹل کی طبیعت ناساز، ہاسپٹل میں داخل

   

ممبئی :سابق صدر جمہوریہ پرتیبھا پاٹل کو بخار اور سینے میں انفیکشن کے سبب علاج کے لیے مہاراشٹرا کے پونے شہر کے ایک ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ 89 سالہ سابق صدر کو چہارشنبہ 13 مارچ کو بھارتی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ہاسپٹل نے اس تعلق سے میڈیا کے لیے ایک خبر بھی جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ انہیں بخار اور سینے میں انفیکشن کی شکایت تھی۔ وہ صحت مند ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ وہ ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں ہیں۔ پرتیبھا پاٹل ہندوستان کی پہلی خاتون صدر تھیں۔ وہ 2007 سے 2012 تک ملک کے اعلیٰ آئینی عہدے پر فائز رہیں۔یو پی اے نے 2007 میں پرتیبھا پاٹل کو اپنا صدارتی امیدوار بنایا تھا جبکہ این ڈی اے نے بھیرو سنگھ شیخاوت کو ان کے خلاف میدان میں اتارا تھا۔ پرتیبھا پاٹل نے انہیں شکست دی اور ملک کی پہلی خاتون صدر بنیں۔ پرتیبھا پاٹل نے ہندوستان کا سب سے بڑا آئینی عہدہ سنبھالا اور وہ ہندوستان کی بارہویں صدر بنیں۔ پرتیبھا پاٹل نے پہلی بار 1962 میں مہاراشٹر اکے جلگاؤں شہر کے اسمبلی حلقہ سے الیکشن جیتا تھا۔ مہاراشٹرا کے قدآور لیڈر وائی بی چوہان نے چالیس گاؤں میں ان کی تقریر سے متاثر ہوکر انہیں جلگاؤں سے کانگریس کا امیدوار بنایا تھا جس میں وہ کامیاب ہوئیں تھیں۔