تلنگانہ کی صورتحال اور منوگوڑ چناو پر بات چیت ، راہول گاندھی کی یاترا کے انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔23 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر اور اے آئی سی سی قائد سلمان خورشید نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کے ساتھ اجلاس میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے تلنگانہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ سلمان خورشید بھارت جوڑو یاترا کے سلسلہ میں غیر سیاسی تنظیموں، سماجی شخصیتوں اور جہد کاروں کی تائید حاصل کرنے کی مہم کے انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔ وہ ملک کی مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے رضاکارانہ تنظیموں کے ذمہ داروں اور سماج میں مختلف فلاحی اور رفاحی کام انجام دینے والے افراد سے ملاقات کر رہے ہیں تاکہ انہیں کانگریس پارٹی سے قریب کیا جاسکے۔ راہول گاندھی کی یاترا کے تلنگانہ میں داخلہ سے عین قبل سلمان خورشید حیدرآباد کا دورہ کریں گے اور مختلف شخصیتوں سے مذاکرات کئے جائیں گے۔ سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر کی قیامگاہ پر ریونت ریڈی کے علاوہ سابق مرکزی وزیر بلرام نائک ، نائب صدر پردیش کانگریس ظفر جاوید ، دیا ساگر اور دیگر قائدین نے سلمان خورشید سے ملاقات کی۔ انہوں نے تلنگانہ کی سیاسی صورتحال اور منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم ہے اور عوام بی جے پی اور ٹی آر ایس دونوں سے مایوس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی یاترا میں تلنگانہ سے ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکن شرکت کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کیرالا میں یاترا کے حق میں غیر معمولی جوش و خروش کا دیگر ریاستوں میں بھی اثر دیکھا جائے گا ۔ سلمان خورشید کو منوگوڑ ضمنی چناؤ کی انتخابی حکمت عملی سے واقف کراتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ سینئر قائدین کو ہر منڈل کا انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔ پارٹی قائدین متحدہ طور پر انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ ر