سابق وزیراعظم بنگلہ دیش خالدہ ضیاء کی حالت نازک

   

ڈھاکہ ۔19 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) قید کی سزاء بھگتنے والی سابق وزیراعظم بنگلہ دیش خالدہ ضیاء اپنی صحت کی ابتری کی وجہ سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ اُن کی پارٹی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے بموجب قبل ازیں اُنھیں برقی شاک لگا تھا جس کے بعد 73 سالہ سابق وزیراعظم بنگلہ دیش کی صحت ابتر ہوگئی ۔ اُس نے الزام عائد کیا کہ موجودہ انتظامیہ نے قید خانہ میں اُن کے لئے جو ماحول فراہم کیا ہے وہ خوشگوار نہیں ہے ۔ اسٹانڈنگ کمیٹی کے رکن ضمیرالدین سرکار نے کہاکہ وہ تنہائی اور نامناسب علاج کی وجہ سے بیمار ہوگئی ہیں ۔ خالدہ ضیاء سنگین امراض قلب کی مریض بھی ہیں ۔ قبل ازیں اُن کی ضمانت پر رہائی کی درخواست مسترد کردی گئی تھی ۔