سابق چیف منسٹروں کے فرزندان انتخابی میدان میں

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش میں پہلے مرحلہ کے تحت آئندہ ماہ 11 اپریل کو منعقد ہونے والے اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کے لیے موجودہ تقسیم شدہ ریاست آندھرا پردیش چیف منسٹر اور سابق متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹروں کے وارث کی حیثیت ( فرزندان ) انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہوچکے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق چیف منسٹر متحدہ ریاست آندھرا پردیش مسٹرا ین بھاسکر راؤ کے فرزند مسٹر این منوہر ( جو کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے سابق اسپیکر اسمبلی بھی رہ چکے ہیں ) جناسینا پارٹی ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں ۔ اسی طرح سابق چیف منسٹر متحدہ ریاست آندھرا پردیش آنجہانی ین ٹی راما راؤ کے فرزند مسٹر این بالا کرشنا بھی تلگو دیشم پارٹی سے انتخابی مقابلہ کررہے ہیں ۔ اسی طرح سابق چیف منسٹر متحدہ ریاست آندھرا پردیش آنجہانی کے وجئے بھاسکر ریڈی کے فرزند مسٹر کے سوریہ پرکاش ریڈی بھی تلگو دیشم پارٹی امیدوار کی حیثیت سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ اسی طرح سابق چیف منسٹر متحدہ ریاست آندھرا پردیش مسٹر ین کرن کمار ریڈی کے بھائی مسٹر ین کشور کمار ریڈی حلقہ اسمبلی پیلیرو ( ضلع چتور ) سے تلگو دیشم پارٹی امیدوار کی حیثیت سے انتخابی مقابلہ کررہے ہیں ۔ علاوہ ازیں موجودہ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو کے فرزند مسٹر این لوکیش پہلی مرتبہ تلگو دیشم پارٹی ٹکٹ پر حلقہ اسمبلی منگل گیری (ضلع گنٹور ) سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں ۔۔