سابق چیف منسٹر آنجہانی راج شیکھر ریڈی کو کانگریس کا خراج

,

   

حیدرآباد : سابق چیف منسٹر آنجہانی ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو آج کانگریس کی جانب سے بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی برسی کے سلسلہ میں گاندھی بھون میں پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے گئے ، اس کے علاوہ پنجہ گٹہ میں واقع ان کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے عوام کے لئے ان کی خدمات کی یاد تازہ کی گئی۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی، اقلیتی قائدین فیروز خاں ، واجد حسین ، سابق ڈپٹی میئر راج کمار اور دیگر قائدین نے پنجہ گٹہ پہنچ کر آنجہانی قائد کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ جگا ریڈی نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راج شیکھر ریڈی کو ایک مضبوط سیاسی قائد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ غریبوں کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت کارپوریٹ ہاسپٹلس میں علاج کی سہولتیں فراہم کی گئی۔ 108 اور 104 سرویس راج شیکھر ریڈی کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل کا آغاز راج شیکھر ریڈی کی مساعی کا نتیجہ ہے ۔ گاندھی بھون میں سابق صدر پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا ، ایس کے افضل الدین اور دیگر قائدین نے راج شیکھر ریڈی کے پورٹریٹ پر پھول چڑھائے۔ ملو روی نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی نے ریاست کی ہمہ جہتی ترقی میں اہم رول ادا کیا تھا۔