سابق چیف منسٹر بھوپیش تمام الزامات سے بری

   

رائے پور: چھتیس گڑھ کے سیکس سی ڈی اسکینڈل میں چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کو بڑی راحت ملی ہے ۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے منگل کے روز کیس کی سماعت کے بعد بھوپیش بگھیل کو بری کردیا۔ خصوصی عدالت نے بگھیل کے خلاف تمام الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی کوئی بنیاد نہیں ہے ۔دریں اثناء، کانگریس لیڈر بھوپیش بگھیل نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، “-ستیہ میو جئیتے – چھتیس گڑھ میں سیکس سی ڈی اسکینڈل کا معاملہ پہلی بار اکتوبر 2017 میں سامنے آیا۔ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس وقت کے وزیر راجیش منات اس سیکس سی ڈی اسکینڈل میں ملوث ہیں۔
اس کے بعد رائے پور کے سول لائن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔اس معاملے میں پولس نے صحافی ونود ورما کو دہلی سے گرفتار کیا تھا۔ کانگریس نے اسے سازش قرار دیا تھا جس کے بعد مسٹر بگھیل کو بھی ستمبر 2018 میں اس معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ مسٹر بھوپیش بگھیل اس وقت چھتیس گڑھ کانگریس کے ریاستی صدر تھے ۔ اس پورے معاملے میں مسٹر بھوپیش بگھیل پر سازش کا الزام لگایا گیا، جس کے بعد مسٹر بھوپیش بگھیل نے عدالت میں ضمانت لینے سے انکار کر دیا اور اس معاملے کو ایک عوامی تحریک بنا دیا۔ کانگریس نے 2018 کے اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت حاصل کی تھی اور مسٹر بھوپیش بگھیل چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بن گئے تھے ۔