سابق چیف منسٹر روپانی اور ڈپٹی سی ایم نتن پٹیل الیکشن نہیں لڑیں گے

   

احمد آباد : گجرات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں سابق وزیر اعلی وجے روپانی اور نائب وزیر اعلی نتن پٹیل نے الیکشن نہیں لڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نتن پٹیل نے ریاستی صدر کو خط لکھ کر یہ جانکاری دی ہے۔حیرانی کی بات یہ ہے کہ نتن پٹیل نے کچھ دن پہلے ہی اسمبلی الیکشن کیلئے دعویداری پیش کی تھی ، لیکن اب خود ہی پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ وہیں اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ نتن پٹیل کو اس مرتبہ ٹکٹ نہیں ملنے والا تھا۔ وہیں اپنے فیصلہ کے تعلق سے سابق چیف منسٹر وجے روپانی نے کہا کہ اس مرتبہ الیکشن میں نئے لوگوں، کارکنان کو ذمہ داری دینی چاہئے۔ میں الیکشن نہیں لڑوں گا ، ایسا خط دہلی کو لکھ کر بتادیا ہے۔ سنٹرل الیکشن کمیٹی جو بھی امیدواروں کا انتخاب کرے گی، ان کو کامیاب بنانے کی کوشش کروں گا۔ دریں اثناء بی جے پی کی اعلی قیادت نے گجرات اسمبلی الیکشن کیلئے میٹنگ منعقد کی ہے۔
وزیر اعلی وجے روپانی اور نتن پٹیل کے علاوہ سابق وزیر مملکت برائے داخلہ پردیپ سنگھ جڈیجہ نے بھی الیکشن نہیں لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہردیپ سنگھ جڈیجہ کے علاوہ سوربھ پٹیل، وبھاوری بین، کوشک پٹیل، ولبھ کاکاڈیا، یوگیش پٹیل نے بھی الیکشن نہیں لڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق بھوپیندر چوڈاسما نے بھی الیکشن نہیں لڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق آنندی بین پٹیل اور وجے روپانی سرکار کے زیادہ تر وزرا کو ٹکٹ نہیں ملنے کا امکان ہے۔بتادیں کہ بی جے پی نے گجرات میں لگاتار ساتویں مرتبہ جیت درج کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ گجرات اسمبلی الیکشن کیلئے ووٹنگ دو مراحل میں ایک اور پانچ دسمبر کو ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ کے دوران سبھی 182 امیدواروں کے نام طے کرسکتی ہے اور اگلے کچھ دنوں میں فہرست جاری کرسکتی ہے۔