سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی بی جے پی میں شامل

   

حیدرآباد۔7۔اپریل (سیاست نیوز) متحدہ آندھراپردیش کے آخری چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ نئی دہلی کے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں مرکز ی وزیر پراہلاد جوشی اور قومی قائدین ارون سنگھ اور ڈاکٹر کے لکشمن کی موجودگی میں کرن کمار ریڈی نے بی جے پی کا کھنڈوا پہن لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے کہاکہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ کانگریس پارٹی کو چھوڑ دیں گے۔ کرن کمار ریڈی کے مطابق کانگریس قائدین کے غلط فیصلوں کے نتیجہ میں انہیں پارٹی چھوڑنی پڑی ۔ انہوں نے کہا کہ غلط فیصلوں کے نتیجہ میں کانگریس پارٹی ملک کی تمام ریاستوں سے غائب ہورہی ہے اور ایک علاقائی جماعت دکھائی دے رہی ہے۔ کانگریس قائدین ہائی کمان عوام سے دوری اختیار کرچکا ہے اور قائدین کی رائے حاصل نہیں کی جاتی۔ یہ صرف کسی ایک ریاست کا معاملہ نہیں بلکہ ملک بھر میں یہی صورتحال ہے۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائدین ہائی کمان کی اندھی تقلید کرتے ہیں اور ان کے ہر فیصلہ کو درست ثابت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک میں غربت کے خاتمہ اور عوام کی بھلائی کے جو اقدامات کئے ہیں، اس سے متاثر ہوکر وہ بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ اور جے پی نڈا کی قیادت میں بی جے پی کو آندھراپردیش میں مستحکم کرنے کی مساعی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کرن کمار ریڈی نے نئی پارٹی قائم کرتے ہوئے آندھراپردیش کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن عوام کی تائید حاصل نہیں ہوسکی۔ر