سافٹ ویر اور لائیو سائنسیس کے عالمی مرکز کے طور پر حیدرآباد کی ترقی : ریونت ریڈی

   

سوناٹا سافٹ ویر کا حیدرآباد میں آغاز، آرٹیفیشل انٹلی جنس و ڈیجیٹل سٹی کا منصوبہ، 3 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری سے ایک لاکھ روزگار کے مواقع، صنعتکاروں سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شہر کے مضافاتی علاقہ نانک رام گوڑہ میں سوناٹا سافٹ ویر کی نئی سہولت کا افتتاح انجام دیا۔ اُنھوں نے ٹیکنالوجی اور دیگر شعبہ جات میں تلنگانہ میں بیرونی اداروں کی سرمایہ کاری کے مثبت نتائج کا ذکر کیا۔ پروفیشنلس اور انڈسٹری لیڈرس سے خطاب میں چیف منسٹر نے سوناٹا آرٹیفیشل انٹلی جنس لیڈرشپ کی ستائش کی اور کہاکہ ریاست میں عصری ٹیکنالوجی کے فروغ میں یہ ادارہ معاون ثابت ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حیدرآباد عالمی سرمایہ کاری کے مرکز میں تبدیل ہورہا ہے اور 3 لاکھ کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری کے ذریعہ خانگی شعبہ میں ایک لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈسمبر 2023 ء سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔ ورلڈ اکنامک فورم 2024ء اجلاس میں تلنگانہ میں 1.78 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات ہوئے اور ہندوستان میں تلنگانہ سرفہرست رہا۔ امریکہ، ساؤتھ کوریا، جاپان، سنگاپور اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں نے تلنگانہ سے معاہدات کئے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کا دوسرا مطلب ترقی اور تجارت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عالمی اداروں کے مرکز کے طور پر حیدرآباد تیزی سے اُبھر رہا ہے۔ آرٹیفیشل انٹلی جنس ریڈی ڈیٹا سنٹرس، لائیو سائنسیس اور سافٹ ویر جیسے شعبہ جات کیلئے حیدرآباد ملک میں اہم مرکز بن جائے گا۔ مائیکرو سافٹ، ایچ سی ایل ٹیکنالوجی، انفوسیس، ویپرو اور Cognizant جیسے اداروں نے تلنگانہ میں موافق سرمایہ کاری ماحول کا اعتراف کیا ۔ چیف منسٹر نے کہاکہ امن و ضبط کی بہتر صورتحال اور حکومت کی جانب سے بہتر سہولتوں کے نتیجہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں نوجوانوں کیلئے روزگار دکے مواقع پیدا ہونگے۔ چیف منسٹر نے غریب خاندانوں کے نوجوانوں کو خود روزگار اسکیمات سے مربوط کرکے معاشی خود مکتفی بنانے راجیو یوا وکاسم اسکیم کا حوالہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ خواتین سیلف ہیلپ گروپس کی حکومت حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت کے منصوبہ جات میں ڈرائی پورٹ، فیوچر سٹی اور آرٹیفیشل انٹلی جنس سٹی شامل ہیں۔ ینگ انڈیا یونیورسٹی برائے اسکل و اسپورٹس قائم کی گئیں۔ سرکاری سطح پر بہتر تعلیم کیلئے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس کامپلکس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ کی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچانے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے پروفیشنلس سے اپیل کی کہ وہ حیدرآباد کے برانڈ ایمبیسڈرس کا رول ادا کریں اور تلنگانہ کی کامیابیوں کی دنیا بھر میں تشہیر کریں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ رائزنگ کے تحت حکومت نے معاشی ترقی، سرمایہ کاری، روزگار، فلاحی اسکیمات اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ بیروزگار نوجوانوں کیلئے حکومت نے کئی اسکیمات متعارف کی ہیں۔ تلنگانہ کی عوامی حکومت کسانوں، خواتین، نوجوانوں ، طلبہ اور سینئر سٹیزنس کی بھلائی کے اقدامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ تلنگانہ جلد ٹکنالوجی اور سافٹ ویر کے مرکز کے طور پر شناخت بنائیگا۔ وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ مشین، لرننگ اور آرٹیفیشل انٹلی جنس جیسے شعبہ جات میں تلنگانہ گلوبل لیڈر کی حیثیت رکھتا ہے۔ سریدھر بابو نے کہاکہ آرٹیفل انٹلی جنس سٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جہاں مائیکرو سافٹ اور دیگر اداروں نے سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت ینگ انڈیا اسکلس یونیورسٹی کے ذریعہ آن لائن لرننگ پروگرامس شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ عنقریب ڈیجیٹل یونیورسٹی کے قیام کی مساعی کی جائیگی۔1