سال نو پر ممبئی میں سلسلہ وار بم دھماکوں کی دھمکی سے دہشت

,

   

شہر میں ہائی الرٹ، پولیس کی اہم مقامات پر تلاشی ، کالر ذہنی معذور ، پولیس کا دعویٰ

ممبئی: نئے سال کے موقع پر ممبئی پولیس کی جانب سے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیںجبکہ ایک مشتبہ شخص نے کال کرکے ممبئی میں سلسلہ وار دھماکوں سے تباہی مچانے کی دھمکی دی ہے جس کے بعد شہر بھر میں الرٹ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شام تقریباً 6 بجے ممبئی پولیس کنٹرول روم پر کال کرنے والے ایک نامعلوم شخص نے دھمکی دی کہ وہ نئے سال کے دن سلسلہ وار بم دھماکے کررہا ہے اور فون کاٹ دیا۔ پولیس نے فوری طور پر چوکسی اختیار کرتے ہوئے شہر کے اہم مقامات پر تلاشی مہم شروع کردی۔ کہیں بھی کوئی مشکوک یا مشتبہ چیز نہیں ملی۔ پولیس نے اس معاملہ میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور زوروشور سے فون کرنے والے شخص کو تلاش کیا جارہا ہے۔ وہیں مہاراشٹرا کے چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے بم کی دھمکی کال سے متعلق میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ممبئی پولیس ہائی الرٹ پر ہے اور اگر کوئی غیرقانونی کام کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس فون کرنے والے کی شناخت کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ سال نو کی تقریبات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر بھر میں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ بعدازاں پولیس نے بتایا کہ فون کال کرنے والا 32 سالہ شخص ذہنی طور پر معذور نکلا۔ فون کال وصول ہونے کے فوری بعد حرکت میں آتے ہوئے پولیس نے امراوتی سے ایک شخص کی پہچان کی لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی کیونکہ جس شخص کی شناخت کی گئی وہ ذہنی معذور بتایا گیا ہے۔ فون موبائل سے کیا گیا تھا جس کا لوکیشن فوری طور پر معلوم کیا گیا۔
قبل ازیں نومبرمیں بھی پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس نے حالت نشہ میں کنٹرول روم کو یہ اطلاع دی تھی کہ 26/11 ممبئی دہشت گرد حملوں کے موقع پر بعض دہشت گرد ممبئی میں داخل ہوئے ہیں۔ اس اطلاع پر پولیس فوری حرکت میں آگئی اور فون کرنے والے کی ٹیک انٹلیجنس کے ذریعہ تلاش کی گئی۔ لکشمن نروانے کی حیثیت سے اس کی شناخت کی گئی اور پوچھ تاچھ بھی کی گئی تھی۔