ممبئی۔ مہاراشٹرا کے سانگلی میں گزشتہ 20 جون کو ایک ہی کنبہ کے 9 افراد مردہ پائے گئے تھے۔ بتایا گیا تھا کہ یہ اجتماعی خودکشی کا معاملہ ہے، لیکن اب سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ یہ خودکشی نہیں ،بلکہ قتل کا معاملہ ہے۔ پولیس کی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ دو بھائیوں کے کنبہ کو ایک تانترک اور اس کے ڈرائیور نے زہر دے کر ہلاک کیا ہے، دونوں ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ دراصل 20 جون کو مہیسل گاؤں میں ایک کلومیٹر کے فاصلے پر موجود دونوں بھائیوں کے گھروں میں کنبہ کے اراکین کی 9 نعشیں برآمد ہوئی تھیں۔ان میں ایک بھائی ٹیچر اور دوسرا مویشیوں کا ڈاکٹر تھا۔ اس واقعہ کے تعلق سے پولیس انسپکٹر جنرل (کولہاپور رینج) منوج کمار لوہیا نے بتایا کہ تانترک عباس نے ونمورے بھائیوں (ڈاکٹر ونمورے اور پوپٹ ونمورے) کے لیے خفیہ دولت تلاش کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اس کے عوض میں اس نے موٹی رقم (تقریباً ایک کروڑ روپے) بھی لیے تھے۔ جب خفیہ دولت نہیں ملی تو وَنمورے برادران تانترک سے اپنی رقم واپس مانگنے لگے۔ لیکن عباس روپے واپس نہیں کرنا چاہتا تھا۔دباؤ بڑھا تو اس نے وَنمورے برادران کے پورے کنبہ کو ہی راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔