ساورکر تنازعہ ، مسلم نوجوان کو گولی مار کر گرفتار کیا گیا

,

   

شیواموگا (کرناٹک): کرناٹک پولیس نے شیوا موگا شہر کے ایک علاقے سے ساورکر کے فلیکس کو ہٹانے کے تنازعہ کے بعد دو افراد کو چھرا گھونپنے کے معاملے میں کلیدی ملزم کو گولی مارکر گرفتار کیا۔ پولیس کی کارروائی پیر کی رات دیرگئے اس وقت ہوئی جب ملزم نے پولیس عہدیداروں پرحملہ کرنے کی کوشش کی اور اسے پیر میں گولی لگی اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔ساورکر کا فلیکس آزادی کے 75 ویں سال کے جشن کے ایک حصے کے طور پر لگایا گیا تھا۔ کلیدی ملزم جسے پولیس کارروائی کے دوران گولی لگی تھی، اس کی شناخت ذبیح اللہ کے طور پر کی گئی ہے، جو شیموگا کے مارنامی بیل کا رہنے والا ہے۔ پولیس نے واقعے کے سلسلے میں اب تک 10 سے زائد افراد کو حراست میں لیا ہے۔پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے معلومات حاصل کرنے کے بعد ذبیح اللہ کو گرفتار کرلیا۔ جب پولیس اسے گرفتار کرنے گئی تو ملزم نے مبینہ طور پر حملہ کرنے کی کوشش کی اور پولیس انسپکٹر منجوناتھ کوری نے اسے پیر میں گولی مار دی۔پولیس نے اسے گرفتار کر کے میگن ہاسپٹل منتقل کردیا۔ علاج کے بعد ذبیح کو ہاسپٹل کے جیل وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔جے سی نگر کے ساکن ندیم (25سالہ) اور بدھ نگر کے عبدالرحمن (25سالہ ) کی گرفتاری کے بعد کلیدی ملزم کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ایڈیشنل ڈی جی پی آلوک کمار نے کہا تھا کہ ملزم کا کسی بھی تنظیم سے سیاسی تعلق یا وابستگی کا پتہ لگانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقدمات درج کرنے کے علاوہ ضلع کمشنر سے بات چیت کے بعد ملزمان کی جائیدادیں قرق کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔شیواموگا شہرمیں 18 اگست تک امتناعی احکامات نافذ کردیے گئے ہیں ۔