سبیتا اندرا ریڈی کو کانگریس میں برقرار رکھنے کی مساعی

,

   

راہول گاندھی سے آج ملاقات کا امکان، فرزند کو لوک سبھا ٹکٹ پر اصرار
حیدرآباد ۔ 12۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے مہیشورم کی رکن اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی کو ٹی آر ایس میں شمولیت سے روکنے کیلئے کامیاب مساعی کی ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی کو بات چیت کیلئے نئی دہلی طلب کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ کل 13 مارچ کو ان کی راہول گاندھی سے ملاقات ہوگی۔ ان کے ہمراہ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی اور کارتک ریڈی موجود رہیں گے۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی کے دورہ حیدرآباد کے دوسرے دن سبیتا اندرا ریڈی سے کے ٹی آر اور کویتا نے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت کا پیشکش کیا تھا ۔ سبیتا اندرا ریڈی کی شمولیت کی اطلاعات کے ساتھ ہی پردیش کانگریس کمیٹی کے قائدین حرکت میں آگئے ۔ اتم کمار ریڈی ، جانا ریڈی اور دوسروں نے سبیتا اندرا ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں برقرار رہنے کا مشورہ دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سبیتا اندرا ریڈی اپنے فرزند کارتک ریڈی کو لوک سبھا ٹکٹ کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ اسی دوران ریونت ریڈی نے آج سبیتا اندرا ریڈی سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں کانگریس میں برقرار رہنے کیلئے راضی کرالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر کانگریس راہول گاندھی سے سبیتا اندرا ریڈی کی فون پر بات کرائی گئی اور کل ملاقات طئے کی گئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے کارتک ریڈی کو پارٹی میں مناسب مقام دینے کا تیقن دیا ہے۔ اسی دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ہائی کمان سے دہلی طلب کیا گیا ہے۔ تاہم دہلی جانے کے بارے میں انہوں نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کے مسئلہ پر ان کے خاندان سے ناانصافی ہوئی ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہاکہ وشویشور ریڈی نے ان کے خلاف بیان بازی کی لیکن صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کا خاموشی اختیار کرلینا افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے جلسہ عام میں ان کے فرزند کارتک ریڈی کو نظر انداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے خاندان میں تین افراد کو ٹکٹ دیا گیا۔ کارتک ریڈی کو پہلے راجندر نگر کا ٹکٹ دے کر واپس لے لیا گیا اور وہ لوک سبھا ٹکٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو ان کے جانے سے کوئی نقصان نہیں ہوگا، اس کا اندازہ تو بہت جلد ہوجائے گا۔