دوسہ : راجستھان کے دوسہ میں ایک سب انسپکٹر کے ذریعہ 5 سالہ بچی کی عصمت دری کے بعد حالات کشیدہ ہیں۔ 10 نومبر کو دیر رات میڈیکل بورڈ نے متاثرہ لڑکی کا معائنہ کیا۔ تحقیقات کے بعد دوسہ کے ایس پی وندیتا رانا نے بتایا کہ لڑکی کی حالت نارمل ہے اور وہ شدید زخمی نہیں ہے۔ ساتھ ہی ملزم سب انسپکٹر بھوپیندر سنگھ کو حراست میں لینے کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔ راجستھان کے دوسہ میں جمعہ کو سب انسپکٹر بھوپیندر سنگھ نے ایک کانسٹیبل کی 5 سالہ لڑکی کی عصمت دری کی۔ واقعہ کا انکشاف ہوتے ہی لوگوں نے ہنگامہ آرائی کی اور تھانے میں توڑ پھوڑ کی۔ دراصل ملزم نے خود کو تھانے میں ہی ایک کمرے میں بند کر لیا تھا لیکن مشتعل لوگوں نے تھانے کا گھیراؤ کر لیا۔ وہ ملزم کو تھانے کی کھڑکی توڑ کر باہر لے گئے تھانے سے گھسیٹتے ہوئے چوراہے پر لے گئے اور مار پیٹ کی۔ 11 نومبر بروز ہفتہ بھی اس واقعہ کی ویڈیو اور فوٹیج وائرل ہوگئیں۔ جمعہ کی دوپہر جب متاثرہ کے والد شکایت لے کر تھانے پہنچے تو کچھ لوگوں نے اس کی پٹائی کی اور اس کا ہاتھ توڑ دیا۔ معاملہ زور پکڑنے کے بعد پولیس نے ملزم ایس آئی بھوپیندر سنگھ (54) کو دیر رات اپنی تحویل میں لے لیا۔ اسے معطل کر دیا گیا ہے۔ لڑکی کو جمعہ کی رات دیر گئے دوسہ ضلع ہسپتال لایا گیا تھا۔ رات گئے ڈاکٹروں کے بورڈ نے لڑکی کا طبی معائنہ کیا۔