وزیر مال سرینواس ریڈی کااعلیٰ سطحی اجلاس، سب رجسٹرار دفاتر کو انٹیگریٹیڈ دفاتر میں تبدیل کرنے نئی عمارت کی تعمیر
حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے اعلان کیا کہ سب رجسٹرار دفاتر میں عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے تنظیم جدید کی جائے گی اور کارپوریٹ سطح کی سہولتوں کو فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیر مال نے سکریٹریٹ میں کھمم کے رکن پارلیمنٹ رگھو رام ریڈی کے ہمراہ رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل، ملکاجگری اور سنگاریڈی کے ضلع کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ رجسٹرارس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ پرنسپل سکریٹری ریوینیو نوین متل، انسپکٹر جنرل اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن جیوتی بدھا پرکاش اور دیگر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔ وزیر مال نے کہا کہ حکومت نے سب رجسٹرار دفاتر میں اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت عوام کو کم وقت میں مسائل کی یکسوئی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب رجسٹرار دفاتر کی نئی عمارتوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ دفاتر میں عوامی خدمات کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کیلئے آنے والے افراد کو گھنٹوں تک درختوں کے نیچے انتظار کرنے کی زحمت سے بچایا جائے اور عصری سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ رجسٹریشن کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر رجسٹرار دفاتر کیلئے اراضیات کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ نئی عمارتیں تعمیر کی جاسکیں۔ ریاست میں جملہ 144 سب رجسٹرار دفاتر ہیں جن میں صرف 37 اپنی ذاتی عمارتوں میں ہیں جبکہ دیگر دفاتر کرایہ کی عمارتوں میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب رجسٹرار دفاتر میں کارپوریٹ طرز کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ پہلے مرحلہ میں سنگاریڈی ضلع کے تحت سنگاریڈی اور پٹن چیرو، میڑچل ملکاجگری ضلع میں میڑچل، قطب اللہ پور، اپل، رنگاریڈی ضلع میں بعض سب رجسٹرار دفاتر، فورتھ سٹی میں گنڈی پیٹ، شیر لنگم پلی میں انٹیگریٹیڈ سب رجسٹرار دفاتر کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک سنگ بنیاد کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ انٹیگریٹیڈ سب رجسٹرار دفاتر ماڈل دفاتر کی طرح ہوں گے۔ حیدرآباد ضلع میں بنجارہ ہلز، ایس آر نگر اور گولکنڈہ سب رجسٹرار دفاتر کے علاوہ شیخ پیٹ میں ایک انٹیگریٹیڈ دفتر تعمیر کیا جائے گا۔ انٹیگریٹیڈ سب رجسٹرار دفاتر کیلئے کم از کم تین ایکر اراضی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے دفاتر کی تعمیر سے ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ وزیر مال نے سب رجسٹرار دفاتر میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے سختی سے قدم اٹھائیں تاکہ عوامی خدمات کی باآسانی تکمیل ہو۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حکمت عملی طئے کرنے کا مشورہ دیا۔1