ستیش کوشک نے کبھی اپنا دکھ ظاہر نہیں کیا : رضامراد

   

ممبئی : گزشتہ ہفتہ مشہور کامیڈین و ڈائرکٹر ستیش کوشک کے اچانک دیہانت سے بالی ووڈ اب بھی غمزدہ ہے حالانکہ آنجہانی کی آخری رسومات بھی ادا کردی گئی ہیں لیکن اپنے پیچھے انہوں نے جس جدوجہد اور کامیابی کی داستان چھوڑی ہے اسے یاد کرتے ہوئے مشہور اداکار رضامراد نے کہا کہ یوں تو فلم انڈسٹری میں مقام بنانے کیلئے ہر ایک کو جدوجہد کرنا پڑتی ہے صرف چند اسٹارس ہی ایسے ہیں جنہیں عزت، شہرت اور دولت بغیر کسی جدوجہد کے حاصل ہوگئی۔ ستیش کوشک نے فلم ساگر اور مسٹر انڈیا میں بہترین کردار نبھائے۔ ساگر میں وہ ویلن شفیع انعامدار کے خاص آدمی ہوتے ہیں اور ان کا تکیہ کلام ’’ونڈرفل‘‘ تھا جسے ناظرین نے بیحد پسند کیا۔ اسی طرح مسٹر انڈیا میں ان کے کردار کا نام کیلینڈر تھا جو ہر کسی کی زبان پر چڑھ گیا۔ رضامراد نے مزید کہا کہ ستیش کوشک کے ایک کمسن بچے کی موت ہوگئی تھی جس کا ان کی زندگی پر بہت برا اثر پڑا لیکن اس دکھ کو انہوں نے کسی کے ساتھ نہیں بانٹا بلکہ جب بھی سیٹ پر آتے تھے، مسکراتے ہوئے آتے تھے اور دوسروں کو بھی ہنسایا کرتے تھے۔ ہولی کے دن وہ بیحد خوش نظر آرہے تھے لیکن کسے معلوم تھا کہ یہ ان کی آخری ہولی ہوگی۔ مجھے یقین ہے کہ وہ جہاں بھی ہوں گے خوش ہوں گے۔ ان کی آخری فلم ’’پاپ کارن‘‘ جلد ہی ریلیز ہوگی۔