بنگلورو: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (بی ایم آر سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر کو میٹرو کے کرایہ پر نظرثانی میں ہونے والی بے ضابطگیوں کو فوری طور پر دور کرنے اور غیر معمولی اضافے کے معاملے میں کرایوں کو کم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ سدارامیا نے ‘ایکس’ پر کہاکہ جس طریقے سے بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (بی ایم آر سی ایل) نے بنگلورو میٹرو کے کرایہ پر نظرثانی کو نافذ کیا ہے ، اس نے بے ضابطگیوں کو جنم دیا ہے اور کچھ حصوں میں کرایوں میں دگنے سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔ میں نے بی ایم آر سی ایل کے ایم ڈی سے فوری طور پر ان مسائل کو حل کرنے اور جہاں یہ اضافہ غیر معمولی ہے وہاں کرایوں کو کم کرنے کے لئے کہا ہے ۔ مسافروں کے مفادات کا تحفظ کیا جانا چاہیے ۔دریں اثنا، بنگلورو ساؤتھ کے ایم پی تیجسوی سوریا نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے حالیہ نما میٹرو کرایہ میں اضافے پر نظرثانی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اضافے کے خلاف مضبوط عوامی جذبات کا جواب ہے ۔