حیدرآباد۔ 23 جولائی ۔ (سیاست نیوز) سدی پیٹ میں 24 جولائی کو ریاست تلنگانہ کے دوسرے حج ہاؤز کا افتتاح بدست مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد عمل میں آئے گا ۔ اس افتتاحی تقریب میں ریاستی وزیر داخلہ محمود علی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ ان کے علاوہ وقف بورڈ کے صدرنشین محمد سلیم، ریاستی حج کمیٹی کے صدرنشین مسیح اﷲ خان ، رکن پارلیمنٹ کوتہ پربھاکر ریڈی ایم ایل سی فاروق حسین اور دیگر عہدیداران بحیثیت مہمان خصوصی مدعو ہیںاور اس افتتاحی تقریب کی صدارت مقامی رکن اسمبلی و سابقہ وزیر ٹی ہریش راؤ انجام دیں گے ۔ اس عالیشان حج ہاوز عمارت کی تعمیر 3.25 کروڑ روپیوں سے ریاستی حکومت کی جانب سے کی گئی ۔ اس حج ہاؤز عمارت کی تعمیر میں مقامی رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ کی خصوصی دلچسپی ہے ۔ وہیںوقف بورڈ کے صدرنشین محمد سلیم نے ہریش راؤ کی خدمات سے متاثر ہوکر حج ہاوز کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپئے سی ڈی پی فنڈ سے فراہم کروایا ۔ اس حج ہاؤز کو اتنا دلکش بنایا کہ اس میں اسلامی فنی تعمیر کی عکاسی کی نظیر ملتی ہے ۔ ہریش راؤ ترقیاتی کاموں میں حرکیاتی قائد مانے جاتے ہیں۔ ان کی قیادت میں سرکاری میڈیکل کالج کا قیام ، منی اسٹیڈیم ، منی ٹینک بنڈ ، سرکاری عمارتوں اور اسکولوں کی تعمیر عمل میں آئی ۔