سدی پیٹ میں عید کی تیاریاں، بازاروں میں خریداروں کا ہجوم

   

سدی پیٹ ۔ 9 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لئے ایک ایسا مقدس اور رحمتوں والا مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمتوں اور برکتوں کا نزول ہوتا ہے۔ اب مسلمان اپنی اشکبار آنکھوں سے رقت انگیز دعاؤں سے رمضان المبارک کو الوداع کہہ رہے ہیں۔ سدی پیٹ مستقر پر ماہ صیام کی آمد سے ہی مسلم اکثریتی محلہ جات ساجد پورہ، قادرپورہ، مرشد گڑہ اور دھوبی گلی، ناصر پورہ، بارہ امام اور چھروالال، معین پورہ، اسلام پورہ میں گہما گہمی دیکھی جارہی ہے۔ شام کے آغاز کے ساتھ ہی سدی پیٹ میں بازاروں کی رونق بڑھتی جارہی ہے۔ مرد و خواتین معصوم لڑکے لڑکیاں خوشی خوشی عید کی تیاری کرتے پھرتے ملبوسات کی خریداری میں مصروف دیکھے جارہے ہیں تو کہیں لوگ راشن وغیرہ کی خریداری میں مصروف ہیں۔ سڑکوں پر چہل پہل بڑھ چکی ہے، رمضان کی آمد سے ہی ہر طرف مہنگائی کا طوفان کھڑا ہوگیا۔ غریب امیر سبھی اس مہنگائی کی پرواہ کئے بغیر اپنی استطاعت کے مطابق خریداری میں جڑے ہوئے ہیں۔ شہر کی ہوٹلوں میں ہریس، حلیم کے خصوصی اسٹالس لگائے گئے ہیں۔ بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے علاوہ کھجور، سیویاں، عطروں کی چھوٹی بڑی دکانیں بھی لگائی گئی ہیں۔ مستقر سدی پیٹ میں بھی یہ روایت بن گئی ہے کہ ماہ صیام میں افطار پارٹیوں کا اہتمام کرنے لگے ہیں۔ آئے دن مختلف سیاسی و سماجی اور فلاحی تنظیموں اور نوجوانوں کی جانب سے حسب استطاعت افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا گیا۔ مستقر کے علاوہ اطراف و اکناف کے دیہی علاقوں میں مختلف تنظیموں اور صاحب نصاب اہل بالخصوص سدی پیٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے مسلمانوں میں اجناس و ملبوسات کی تقسیم کی جارہی ہے۔