سدی پیٹ کا ہر فرد امن و بھائی چارگی کا علمبردار

   

ائمہ و موذنین میں رمضان گفٹس کی تقسیم پروگرام سے ہریش راؤ کا خطاب
سدی پیٹ ۔12 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کوئی اچھے کام کا آغاز ہو کہ انقلابی تحریک سدی پیٹ سے شروع ہوتی ہے ۔ شہر سدی پیٹ کے ہر طبقہ کا فرد امن و بھائی چارگی کا علمبردار ہے ، ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی حلقہ سدی پیٹ و سابقہ وزیر تلنگانہ ٹی ہریش راؤ نے مدینہ فنکشن ہال سدی پیٹ میں ائمہ و موذنین کے اعزاز میں ’’رمضان تحفہ‘‘ کی تقسیم کے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس تحفہ میں ملبوسات وغیرہ کے علاوہ نقد رقم بھی شامل تھی ، شہر سدی پیٹ اور حلقہ کے مواضعات کے 120 ائمہ و موذنین کو خود ہریش راؤ نے بہ نفس نفیس تقسیم کئے ۔ تقسیم پروگرام سے ہریش راؤ نے سابقہ وزیر اعلیٰ کے سی آر کی روایت کا تذکرہ کیا جو 1985 ء میں انھوں نے مسلمانوں کے اعزاز میں افطار پارٹی دی تھی، ان کی اس روایت کو خود بھی برقرار رکھنے کا تذکرہ کیا ۔ واضح رہے کہ ہریش راؤ ہر سال پابندی سے ائمہ و موذنین کو اپنی جانب سے رمضان گفٹ دیتے ہیں بلکہ حلقہ کے سارے مسلمانوں کے اعزاز میں دعوت افطار کا بھی بڑے پیمانے پر اہتمام کرتے ہیں ، علاوہ اس کے ہر سال 10 غریب مستحق افراد کو اپنے ذاتی رقم سے عمرہ پر بھی روانہ کرتے ہیں ۔ سابقہ ایم ایل سی محمد فاروق حسین نے ان کی اس اقلیت نوازی کا تقریب میں خطاب کے دوران ذکر کیا ۔ تقریب میں تنظیم المساجد کے ذمہ داران ضیاء الدین عارف ، سکندر ، حافظ و قاری عبدالسمیع ، سابقہ کونسلر جاوید ، راج نرسو سابقہ بلدیہ چیرمین ، وینو گوپال و دیگر موجود تھے جبکہ علیم الدین سجو نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ محمد یوسف نے انتظامات میں حصہ لیا ۔