آبائی مقامات واپسی کی تیاریاں، طلبہ کیلئے آن لائن کلاسیس سے یونیورسٹیز کا اتفاق
حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) سرحد پر ہند ۔ پاک کشیدگی میں کمی کے باوجود سرحدی ریاستوں میں مقیم تلنگانہ کے طلبہ اور دیگر باشندوں کی وطن واپسی کا رجحان جاری ہے۔ نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں قائم کردہ خصوصی ہیلپ لائن سنٹر سے مختلف ریاستوں کے طلبہ رجوع ہوکر صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کررہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت نے سرحدی علاقوں سے نئی دہلی پہونچنے والے طلبہ اور دیگر افراد کی مکمل رہنمائی کا بیڑہ اُٹھایا ہے۔ نئی دہلی کے تلنگانہ بھون سے تاحال 162 افراد رجوع ہوئے اِن میں 56 طلبہ جموں و کشمیر کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم ہیں۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے 106 افراد تلنگانہ بھون سے رجوع ہوئے۔ حکام نے ضروری مدد کے ساتھ 130 افراد کو آبائی مقامات روانگی کا انتظام کیا ہے۔ باقی افراد کو تلنگانہ بھون میں رہائش کا انتظام کیا گیا اور متعاقب تاریخوں میں وہ وطن واپس ہوں گے۔ ریسیڈنٹ کمشنر ڈاکٹر گورو اپل نے تلنگانہ بھون کے انتظامات کا شخصی طور پر جائزہ لیا اور طلبہ سے بات چیت کی۔ کئی طلبہ نے سرحدی علاقوں کی صورتحال سے واقف کرایا۔ طلبہ نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کی جانب سے اُنھیں کیمپس واپس ہونے کا مشورہ دیا جارہا ہے کیوں کہ سرحدوں پر کشیدگی میں کمی آئی ہے۔ 1
جنگ بندی کے بعد صورتحال معمول پر دکھائی دے رہی ہے لہذا تعلیمی اداروں نے طلبہ سے واپسی کی اپیل کی ہے۔ طلبہ کا احساس ہے کہ وہ پہلے اپنے گھر جائیں گے اور پھر صورتحال کے مزید بہتر ہونے کے بعد تعلیمی اداروں کو واپس ہوں گے۔ ڈاکٹر اپل نے مختلف یونیورسٹیز کے حکام سے ربط قائم کیا اور طلبہ کے لئے محدود مدت تک آن لائن کلاسیس کے آغاز کا مشورہ دیا۔ یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا جس کی اطلاع طلبہ کو دی جائے گی۔ فائنل ایئر کورسیس سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے کہاکہ وہ مزید کچھ دنوں تک دہلی میں قیام کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ اگر صورتحال بہتر رہی تو وہ تعلیمی اداروں کو واپس ہوجائیں گے۔ طلبہ کو حکومت کی جانب سے تلنگانہ بھون میں رہائش کے انتظامات کا تیقن دیا گیا۔ جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے بعد سے تلنگانہ بھون سے رجوع ہونے والے افراد کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ تاہم ڈاکٹر اپل نے عہدیداروں کو چوکسی برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں سے تلنگانہ بھون پہونچنے والے افراد کی واپسی کے لئے حکومت کی جانب سے تمام ضروری انتظامات کئے جائیں گے۔ تلنگانہ بھون میں مقیم طلبہ کے قیام اور طعام کا انتظام بھی سرکاری سطح پر کیا گیا ہے۔1