سردار محل کی تزئن نو اور آہک پاشی کے اقدامات کا آغاز

   

راجستھان کے ’ نیم رانا قلعہ ‘ کے طرز پر ترقی ، آرٹ اسٹوڈیو ، تہذیبی و ثقافتی مرکز
حیدرآباد۔8۔فروری(سیاست نیوز) محکمہ بلدی نظم و نسق نے سردار محل کی تزئین نو اور آہک پاشی کے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔ گذشتہ دنوں اسپیشل چیف سیکریٹری مسٹر اروند کمار نے پرانے شہر کے دورہ کے دوران سردار محل کا بھی دورہ کرتے ہوئے تزئین نو اور اسے خوبصورت بنانے کے کاموں کا آغاز کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ جناب ضیاء الدین چیف سٹی پلانر کے مطابق سردار محل کی تزئین نو اور آہک پاشی کے لئے قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ کاموں کو انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کاموں کی نگرانی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کی جائے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ سردار محل کو آرٹ اسٹوڈیو‘ تہذیبی مرکز کے علاوہ کیفے کے طور پر فروغ دیا جائے گا ۔ سردار محل کو ترقی دیتے ہوئے اسے سیاحوں کے لئے دلچسپی کا مرکز بنایا جائے گا اور اس مرکز میں حیدرآبادی تہذیب کے متعلق تفصیلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ورک شاپس کے انعقاد کے ذریعہ سیاحوں کو حیدرآباد کی تاریخ کے متعلق واقف کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ سردار محل کو ترقی دینے اور سیاحوں کے لئے سہولتوں کی فراہمی کے مرکز کے طور پر پیش کرنے کے سلسلہ میں سال گذشتہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے دورہ کرتے ہوئے 30کروڑ کی لاگت سے اس کی تعمیر و مرمت کے کاموں کو منظوری دی تھی لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر ان کاموں کو زیر التواء رکھا گیا تھا اور اب ان کاموں کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ سابق میں ریاستی حکومت کے عہدیداروں نے چارمینار کے قریب واقع سردار محل کو ہیریٹیج ہوٹل کے طرز پر ترقی دینے کے علاوہ اس عمارت میں حیدرآباد کے متعلق میوزیم کے قیام کے سلسلہ میں منصوبہ تیار کیا تھا لیکن اس منصوبہ پر عمل آوری کو ترک کرتے ہوئے اب اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ اسے راجستھان کے ’نیم رانا قلعہ ‘ کے طرز پر ترقی دی جائے گی جہاں آر ٹ گیلری کے علاوہ تہذیبی و ثقافتی امور اور کیفے کے قیام کے ذریعہ سیاحوں کو راغب کیا جائے گا۔ 1965 سے بلدیہ کی تحویل میں اس عمارت کی تزئین نو و ترقی کے سلسلہ میں عرصہ دراز سے زیر التواء امور کو اب حل کیا جاچکا ہے اور سردار محل اب مکمل طور پر خالی عمارت ہے جس کی تزئین و مرمت کے ساتھ یہ سیاحتی مرکز میں تبدیل ہونے جارہی ہے۔ اسپیشل چیف سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کے مطابق چارمینار‘ مکہ مسجد ‘ چارکمان کے علاوہ خلوت پیالس اور دیگر تفریحی و سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے والوں کیلئے یہ مرکز دلچسپی کا باعث ہوگا۔م