حیدرآباد۔ 9 نومبر (پریس نوٹ) حیدرآباد میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ہے اور درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کے لئے حیدرآباد میں ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ صبح کے اوقات میں کہر کے چھائے رہنے کا امکان ہے۔ نومبر میں اوسطاً اقل ترین درجہ حرارت 19.3 ڈگری سیلسیس رہتا ہے لیکن گزشتہ چند دنوں کے دوران درجہ حرارت میں بتدریج کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ جمعرات کو درجہ حرارت 11 اور 15 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ چہارشنبہ کی صبح 8:30 بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے ملکاجگیری علاقہ میں درجہ حرارت 13.3 ڈگری، راجیندر نگر میں 13.7 ڈگری اور سکندراباد میں 14.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔