سرسلہ میں بلدی چناؤ 82 فیصد رائے دہی

   

گمبھی راؤ پیٹ۔/22جنوری، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرسلہ میں آج بلدی چناؤ کیلئے رائے دہی کا پُرمن اختتام عمل میں آیا۔ صبح کے اوقات میں رائے دہندے اپنے اپنے انتخابی مرکز کی طرف رواں دواں دیکھے گئے۔ بعض پولنگ مراکز پر خواتین کو قطاروں میں کھڑے ہوکر اپنی باری کا انتظار کرتے دیکھا گیا۔ رائے دہی کو پرامن اور منصفانہ انعقاد کیلئے سرسلہ شہر کے پولنگ مراکز اور اہم مقامات پر پولیس کو بھاری تعداد میں تعینات کیا گیا۔ آپسی بحث و تکرار کے ایک دو واقعات کے علاوہ سرسلہ میں رائے دہی مجموعی طور پر پُرامن رہی جس کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ضلع کلکٹر کرشنا بھاسکر نے نہرو نگر کے ایک پولنگ مرکز پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جبکہ بائے ہائی اسکول میں ضلع ایس پی بی کے راہول ہیگڈے نے بھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ضلع کے ان دو اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ جوائنٹ کلکٹر شیخ یاسمین باشاہ، ڈی آر او نائیک اور آر ڈی او سرینواس وقفہ وقفہ سے رائے دہی کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ مزید ضلع کلکٹر نے سرسلہ میں معذورین کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ و خوبصورت ماڈل پولنگ مرکز کا بھی افتتاح انجام دیا۔