سرسلہ میں دو عادی سارق گرفتار، طلائی زیورات برآمد

   


گمبھی راؤ پیٹ؍ سرسلہ ۔ 11 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرسلہ پولیس نے دو عادی سارقوں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے 6 تولے 840 ملی گرام طلائی زیورات 210 ملی گرام چاندی، لیاپ ٹاپ وغیرہ برآمد کرلیا گیا۔ ضلع ایس پی سرسلہ راہول ہیگڈے نے آج ضلع دفتر میں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے اس کی تفصیلات بتلائیں اور کہا کہ وڈے پلی ستیم متوطن مانا کنڈور ضلع کریم نگر گزشتہ 12 سال قبل سرسلہ کا رخ کرتے ہوئے روزگار معاش کے لئے آیا تھا جو گزشتہ 10 سال قبل سرسلہ کے ونکم پیٹ میں ایک کرایہ کے کمرے میں رہتے ہوئے مزدوری کا کام کررہا تھا۔ اس اثناء اس کی ملاقات مزدوری کا کام کرنے والی لکشمی سے ہوئی اور یہ دونوں ایک ساتھ مزدوری کا کام کرتے ہوئے ایک ہی کمرے میں قیام پذیر تھے۔ ستیم شراب کا عادی تھا مزدوری کے ذریعہ آنے والی آمدنی اس کے لئے کافی نہیں تھی۔ اس نے اپنے تمام شوقوں کو پورا کرنے کے لئے چوری کرنا شروع کردیا۔ ستیم کے ساتھ بعض اوقات چوری کے لئے لکشمی بھی جایا کرتی تھی جو اکثر رات کے اوقات میں مقفل مکانات کو اپنا نشانہ بناتے۔ قبل ازیں ستیم سرقہ کی واردات میں جیل کی سزا بھی کاٹ چکا ہے جو جیل سے چھوٹنے کے بعد بھی چوری کے وارداتوں میں ملوث تھا۔ سرسلہ پولیس نے بڑی چالاکی کے ساتھ ستیم پر کڑی نظر رکھتے ہوئے گرفتار کرلیا جس کے قبضہ سے مختلف اوقات مختلف مقامات پر چوری کے ذریعہ حاصل کردہ طلائی زیورات وغیرہ کو برآمد کرلیا گیا۔ اس پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ایس پی چندریا، ڈی ایس پی وشوا پرماد، سرکل انسپکٹر انیل کمار، وغیرہ موجود تھے جنہوں نے اس خفیہ کارروائی میں انجام دینے والے پولیس ملازمین کی سراہانہ کی جس نے چالاکی کے ساتھ عادی سارقوں کو گرفتار کرلیا۔