نئی دہلی : موجودہ دور میں کی اہمیت، افادیت اور معنویت کا ذکر کرتے ہوئے صدر آل انڈیا یونانی طبی کانگریس (بہار) اور آل انڈیا علماء بورڈ بہار کے صدر ڈاکٹر عبدالسلام فلاحی نے کہاکہ سرسید کے مشن اور تحریک کے اثرات پوری دنیا میں مرتب ہوئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سیمانچل سرکل آف دہلی کے زیر اہتمام منعقد ہ ایک انٹر نیشنل ویبینار بعنوان ”سرسید احمد خان کے کار نامے اور موجودہ دور میں ان کی معنویت، سیمانچل کے پس منظر میں ” مہمان خصوصی کی حیثیت شرکت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ سرسید کی شخصیت ایک ہمہ گیر شخصیت تھی۔ان کی شخصیت اور مشن کا تعارف ایک اجلاس میں بیان نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ قوم ملت کے تعلق سے فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری آرزو ہے کہ میں قوم کے بچوں کو آسمان کے تاروں سے اونچا اور سورج سے زیادہ چمکتا دیکھوں، یہ تبھی ممکن جب ہم سر سید کے بتائے ہوئے تعلیمی راستے اختیار کریں گے اور اس مشن کو گھر گھر تک پہونچائیں گے ۔ مولانا اشہد جمال ندوی استاذ سینئر سیکنڈری اسکول علی گڑھ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ نے اپنے کلیدی خطبہ میں کہا کہ ان کیلئے سب سے بہترین خراجِ عقیدت یہ ہے کہ ان کے نام پر ہرسال دس بیس معیاری اسکول، پانچ دس کالجیز اور دو چار یونیورسٹیاں بنانے کا منصوبہ بنایا جائے اور ان کے تعلیمی میشن کو آگے بڑھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سیمانچل والوں کی خوش قسمتی ہے کہ سیمانچل میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا برانچ کئی سال قبل قائم ہوچکاہے۔