سرمایہ کاروں کو راغب کرنے پیوش گوئل کا دورۂ سعودی عرب

   

نئی دہلی، 21ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر صنعت و تجارت پیوش گوئل ’ہندوستان ۔سعودی عرب ۔امارات سرمایہ کاری ہائی لیول ٹاسک فورس‘ کے ساتویں اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔ وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق دو روزہ دورے کے دوران گوئل سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اور ہندوستانی ترقیاتی منصوبوں اور مواقع کے بارے میں آگاہ کریں گے ۔ گوئل 22 ستمبر تک سعودی عرب کے دورہ پر ہیں ۔ گوئل سعودی عرب کے شہزادے اور ابو ظہبی انوسٹمنٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر شیخ حماد بن زاید النہیان ، سرمایہ کاری ورک فورس کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے ۔ اجلاس کے دوران آٹھ شعبوں میں پٹرولیم اور قدرتی گیس ، فوڈ پروسیسنگ ، شہری ہوا بازی ، ریلوے ، قابل تجدید توانائی ، بنیادی ڈھانچہ ، جہاز رانی اور تعمیرات میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور باہمی تجارت کو بڑھانے کے طریقوں کا تعین کرنے کیلئے ٹاسک فورس کا قیام مئی 2012 میں کیا گیا تھا۔ اس دورے کے دوران گوئل سال 2020میں دوبئی میں منعقد ہونے والے ہندوستانی پویلین کے ڈیزائن کا افتتاح کریں گے اور تعمیراتی جگہ کا دورہ بھی کریں گے۔