منگل کے روز مان کی حیدرآباد میں بڑے صنعت کاروں کے ساتھ تبادلہ خیال ہوگا
چندی گڑھ۔ ریاست میں مزید صنعتی فروغ کے لئے پنچاب چیف منسٹر بھگوات مان نے اتوار کے روز سے چینائی او رحیدرآباد دورے کا آغاز کیاہے تاکہ بڑے صنعت کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے راغب کیاجاسکے۔
چیف منسٹر کی چینائی آمد ہوچکی ہے وہاں پر وہ پیر کے روز اہم کمپنیوں کے کاروباری نمائندوں سے بات کریں گے تاکہ ان کی سرمایہ کاری کو یقینی بناسکیں اور اہم شعبوں میں کاروباری معاہدوں کو تشکیل دیاجاسکے۔
اسی طرز پر منگل کے روز مان کی حیدرآباد میں بڑے صنعت کاروں کے ساتھ تبادلہ خیال ہوگا۔ چیف منسٹرکا یہ دوروزہ اہم دورے بڑی کمپنیوں اور ماہرین سے بھاری سرمایہ کاری کے لئے راغب کرواسکتا ہے۔
موہالی میں 23-24فبروری کے روز ریاستی حکومت کی جانب سے صنعت کاروں کے لئے منعقد ہونے والی سرمایہ کاری سمیٹ کا دعوت نامہ بھی چیف منسٹر پیش کریں گے۔
د رایں اثناء مان نے ریاست کو صنعتی مرکز کے طور پر ابھرنے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیااور کہاکہ ریاستی حکومت اس کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کو صنعتی ترقی کی بلندیوں پر لے جانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
چیف منسٹر کا یہ خیال ہے کہ ملک کے بڑے صنعتی مراکزکے دورسے ایک طرف ریاست کی صنعتی ترقی میں مزید تیزی ائے گی اور دوسری طرف نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع کھلیں گے۔
مان نے کہاکہ وہ ذاتی طور پر پنجاب کوکاروباروں کی ترقی کے لئے مواقع کے طور پر پیش کریں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ ریاست کی صنعتی ترقی کو ایک اہم تقویت دینے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔