سرما میں کورونا کے دوسرے مرحلہ کے خطرہ کے پیش نظر محکمہ صحت چوکس

   

کئی ریاستوں میں کیسس میں اضافہ ، تلنگانہ میں صورتحال تشویشناک نہیں: ڈائرکٹر ہیلت
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کے دوسرے مرحلہ کے اندیشہ کے تحت محکمہ صحت نے ریاست بھر میں چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ حکام کی جانب سے نہ صرف بیرونی ممالک بلکہ ملک کی بعض ریاستوں میں کورونا کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے جہاں حالیہ عرصہ میں کیسس کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تہواروں کے سیزن اور موسم سرما کے نتیجہ میں کیسس کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ضلع واری سطح پر کورونا ٹسٹنگ اور کیسس کی تعداد پر نظر رکھیں ۔ دنیا کے کئی ممالک میں کورونا کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی، اترپردیش اور کیرالا کی صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔ ڈسمبر تک ملک بھر میں کورونا کے دوسرے مرحلہ کے سلسلہ میں چوکسی برقرار رکھی جائے گی ۔ ماہرین کو اندیشہ ہے کہ سرما کے آغاز کے بعد کیسس کی تعداد میں اضافہ ہوگا کیونکہ مانسون سے وبائی امراض کا آغاز ہوتا ہے ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت تلنگانہ ڈاکٹر جی سرینواس راؤ کا کہنا ہے کہ کورونا کے دوسرے مرحلہ کے آغاز کے باوجود تلنگانہ کی صورتحال دیگر ریاستوں کے مقابلہ بہتر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دیگر ممالک میں کورونا وباء کے اعتبار سے تلنگانہ ڈھائی ماہ پیچھے ہے ، لہذا دوسرے مرحلہ کے آغاز تک ہم موسم سرما کو عبور کرلیں گے ۔ شمالی ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں موسم سرما شدید نہیں ہوتا جس کا فائدہ ہوگا اور کیسس میں غیر معمولی اضافہ کے امکانات کم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں چوکسی کو برقرار رکھنا بے حد ضروری ہے ۔ عوام کو تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے ۔ بعض دیگر ماہرین کا ماننا ہے کہ بہتر مانسون کے نتیجہ میں زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے ۔ لہذا تلنگانہ میں موسم سرما بھی سخت رہے گا۔ محکمہ صحت نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کرلی ہے ۔ سرکاری دواخانوں میں ہیلت کیر اسٹاف ، آکسیجن اور آئی سی یو سہولتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔